ایکسپریس کی عالمی اردو کانفرنس سے امن کو فروغ ملے گا شمیم حنفی

کانفرنس 12 اکتوبر کو لاہور میں ہو گی، زبان و ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کریگی، زبیر رضوی


Iqbal Khursheed September 18, 2013
2 روزہ کانفرنس کے 6 سیشنز ہونگے، دنیا بھر سے اہل قلم، ماہرین لسانیات مقالات پیش کرینگے۔ فوٹو: فائل

روزنامہ ایکسپریس کے تحت لاہور میں دوسری عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد قابل تعریف اقدام ہے، یہ زبان و ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

2 برس قبل کراچی میں ہونے والی کانفرنس کے مانند لاہور کی یہ کانفرنس بھی ثمر آور ثابت ہوگی، اِس سے امن کی کوششوں کو فروغ ملے گا۔ اِن خیالات کا اظہار بھارت سے تعلق رکھنے والے اردو کے ممتاز نقاد اور دانش ور، شمیم حنفی اور معروف شاعر اور براڈ کاسٹر زبیر رضوی نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق روزنامہ ایکسپریس کے تحت 12 تا 13 اکتوبر کو لاہور میں دوسری عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، دو روز تک جاری رہنے والی یہ کانفرنس 6سیشنز پر مشتمل ہوگی، جس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے اہل قلم، ماہرین لسانیات اور دانش ور مقالات پیش کریں گے۔



پہلے دن کے اختتام پر معروف ستار نواز استاد رئیس خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، دوسرے دن کے اختتام پر اردو دنیا کے نام ور شعرا اپنا کلام پیش کریں گے۔ یاد رہے کہ ایکسپریس کے تحت پہلی عالمی اردو کانفرنس 2011 میں کراچی میں منعقد ہوئی تھی۔ دوسری عالمی اردو کانفرنس سے متعلق شمیم حنفی نے کہا کہ یہ قابل تعریف اقدام ہے، پہلی کانفرنس بھی ایک سودمند کوشش تھی، جس میں مختلف موضوعات پر پُرمغز گفتگو ہوئی، میں اس سے بہت متاثر ہوا، دیگر شرکاء کا تجربہ بھی خوش گوار رہا۔ اب دوسری کانفرنس لاہور میں ہو رہی ہے، جس میں شرکت میرے لیے اعزاز ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ کانفرنس زبان و ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔



ممبئی سے تعلق رکھنے والے اردو کے معروف شاعر، ادیب اور مدیر زبیر رضوی نے اِس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُنھوں نے کراچی میں ہونے والی کانفرنس میں بھی شرکت کی تھی۔ عام طور پر ادبی کانفرنسیں کسی واضح مقصد کی حامل نہیں ہوتیں، مگر ایکسپریس کی کراچی میں ہونے والی کانفرنس اپنے اندر واضح مقاصد رکھتی تھی۔ زبان اور ادب کے مسائل پر گفتگو کے لیے مستند اہل علم اور ماہرین کو مدعو کیا گیا تھا، وہ تجربہ بہت خوش گوار رہا۔ امید ہے کہ 2011 میں ہونے والی کانفرنس کی مانند لاہور کی کانفرنس بھی برصغیر میں فروغِ امن کے لیے معاون ہوگی۔ واضح رہے کہ شمیم حنفی اور زبیر رضوی کانفرنس کے آخری سیشن بعنوان ''بھارت میں اردو'' میں اپنے مقالات پیش کریں گے۔ شمیم حنفی عام فہم زبان (میڈیا اور اردو) کے زیرعنوان ہونے والے سیشن کی صدارت بھی کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں