لاہور:
سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں ملزمان کی سزا کے خلاف اپیل اور مصالحت کی درخواستوں پر کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس مقبول باقر کی تقریب حلف برداری کی وجہ سے تمام بورڈ ڈس چارج کردیئے گئےہیں جس کے باعث مقدمے کی سماعت نہ ہوسکی اور عدالت نے کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سزائے موت جب کہ سجاد تالپر اور غلام مرتضی لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ ملزمان نے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی جب کہ مقتول شاہ زیب خان کے والد، والدہ اور دو بہنوں نے سندھ ہائی کورٹ میں اپنے حلف نامے داخل کرتے ہوئے ملزمان کو معاف کردیا تھا اور عدالت سے انہیں رہا کرنے کی درخواست کی تھی۔