عید قریب آتے ہی لاہور میں ڈکیتی چوری اور نوسر بازی کی وارداتوں میں اضافہ

لاہور پولیس کو عیدالاضحی پر خصوصی طور پر چوکنا رہنے کا حکم


نعمان شیخ August 10, 2019
لاہور پولیس کو عیدالاضحی پر خصوصی طور پر چوکنا رہنے کا حکم فوٹو:فائل

عیدالاضحی قریب آتے ہی لاہور میں جرائم پیشہ عناصر سرگرم ہوگئے اور شہر میں ڈکیتی، چوری اور نوسر بازی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔

آئی جی پنجاب عارف نواز نے لاہور پولیس کو عیدالاضحی پر خصوصی طور پر چوکنا رہنے کے احکامات جاری کردیے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق لاہور میں رواں ماہ اب تک بکرا چوری ، نوسربازی اور بیوپاریوں کے ساتھ ڈکیتی کی 17 وارداتیں رجسٹر ہوچکی ہیں جبکہ مویشیوں کی غیرقانونی خریدوفروخت کی وجہ سے ٹریفک میں خلل ڈالنے پر 15 افراد کے خلاف کارروائی ہوچکی ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز اسماعیل کھاڑک نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ بیوپاری اپنے جانور شہر کے پوش علاقوں میں فروخت کی غرض سے لے آتے ہیں جس پر ان کے ساتھ واردات ہوجاتی ہے۔ اسماعیل کھاڑک نے بتایا کہ زیادہ تر وارداتوں میں یہ دیکھنے میں آیا کہ نوسر باز جانور خریدنے کے بعد بیوپاری کو جعلی نوٹ دے دیتے ہیں یا جانور کو اپنی کار میں لاد کر فرار ہوجاتے ہیں جبکہ اقبال ٹاؤن میں بیوپاریوں کو نو سربازوں نے نشہ آور جوس پلا کر بھی لوٹ لیا۔

اسماعیل کھاڑک کا کہنا تھا کہ پولیس اور ڈولفن فورس کو نوسر بازوں کی گرفتاری کا ٹارگٹ دیا گیا ہے، اس ضمن میں پولیس نے بروقت کارروائی میں مویشی چور گینگ گرفتار بھی کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں