ہونڈراس میں فٹبال شائقین کی ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک
ہنگامہ آرائی کا آغاز موٹگووا کے پلیئرز کو لانے والی بس پر حملے کے بعد شروع ہوا تھا
ہونڈراس میں نیشنل فٹبال چیمپئن شپ میچ کے دوران حریف شائقین کے درمیان ہونے والی ہنگامہ آرائی میں 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
مضروب افراد کو مقامی اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اولمپیا اور موٹگووا کلبز کے حامی شائقین کے درمیان پیش آیا، اسپتال ترجمان جولیتھ کے مطابق 7 افراد کو داخل کیا گیا تھا۔جس میں 3 کی موت واقع ہوچکی جبکہ 4 افراد کو ایمرجنسی میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ہنگامہ آرائی کا آغاز موٹگووا کے پلیئرز کو لانے والی بس پر حملے کے بعد شروع ہوا تھا، کلب کے صدر پیڈرو ایٹالا کے مطابق3 پلیئرز بھی زخمی ہوئے ہیں، اولمپیا کلب کے چیف رافیل ویلیڈا کا کہنا ہے کہ پرتشدد واقعہ بدقسمتی ہے، اس واقعے کے بعد نیشنل فٹبال لیگ کا میچ معطل کردیاگیا۔