گاڑی پر لگے اسٹکرز اتارنے سے منع کرنے پر دو بھائی قتل

پولیس نے مفرور ملزموں کو 12 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد گرفتار کرلیا


نعمان شیخ August 23, 2019
پولیس نے مفرور ملزموں کو 12 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد گرفتار کرلیا فوٹو:فائل

گاڑی پر لگے اسٹکرز اتارنے سے منع کرنے پر ہمسایوں نے چھریوں کے وار کرکے 2 سگے بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

لاہور کے علاقہ ستوکتلہ میں بٹ چوک کے رہائشی ریاض مسیح نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ اس کے بیٹوں جاوید اور سلمان نے ہمسایوں کے لڑکے کو گاڑی سے اسٹکرز اتارنے سے منع کیا تو بات جھگڑے میں بدل گئی۔

ہمسایوں کے بیٹے امجد اور نوید نے پہلے میرے بیٹوں کو خوب مارا اور گھر کا سامان توڑ پھوڑ کر باہر پھینک دیا۔ امجد اور نوید کے والد عبدالمجید نے معاملے کو رفع دفع کرنے کی حامی بھری لیکن پھر اس نے اپنے بیٹوں کے ہمراہ دھاوا بولا اور میرے دونوں بیٹوں پر چھریوں کے وار کردیے۔

ایس ایچ او ستوکتلہ پولیس شہزاد رضا نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ انہیں ایمرجنسی نمبر 15 پر کال موصول ہوئی کہ ایک ذہنی مریض شخص لوگوں کو چھریوں کے وار سے زخمی کررہا ہے جس پر ڈولفن فورس کے جوان فوری موقع پر پہنچے تو ملزم فرار ہوگیا۔

پولیس نے وہاں موجود دونوں زخمیوں جاوید اورسلمان کو اسپتال منتقل کیا ، جاوید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑگیا جبکہ سلمان 24 گھنٹے زندگی موت کی کشمکش کے بعد ابدی نیند سوگیا۔

پولیس نے مفرور ملزموں کو 12 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔ گرفتار ملزموں میں امجد، اس کا بھائی نوید اور ان کا والد عبدالمجید شامل ہیں۔ مقتولین کی بہن ریحانہ نے اعلی حکام سے اپیل کی ہے ملزمان کی جانب سے ان پر صلح کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے لہذا پولیس ہمیں تحفظ فراہم کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں