متبادل ادویات کی رجسٹریشن کمپیوٹرائزڈ نظام پر منتقل

رجسٹریشن کیلیے موصول ہونیوالی 21 ہزار 867 درخواستوں کی عبوری لسٹ تیار


شبیر حسین August 25, 2019
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے پہلی بار رجسٹریشن لسٹ متعلقہ کمپنیوں سے شیئر کی۔ فوٹو: فائل

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے متبادل ادویات کی رجسٹریشن کے لیے دائر درخواستوں کو مینوئل نظام سے کمپیوٹرائزڈ نظام پر منتقل کر دیا۔

ڈریپ نے 2014 سے اب تک متبادل ادویات کی رجسٹریشن کے لیے موصول ہونے والی21 ہزار867 درخواستوں کی عبوری لسٹ تیار کر لی، ڈریپ نے عبوری لسٹ کو ادویہ ساز کمپنیوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے 15 ایام کے اندر ان سے رائے طلب کرلی ہے تاکہ لسٹ کو حتمی شکل دے کر اس کو آٹومیشن نظام پر ڈالا جاسکے۔

ایکسپریس کو دستیاب دستاویز کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی ہیلتھ اینڈ او ٹی سی کو2014سے اب تک متبادل ادویات کی رجسٹریشن کے لیے مجموعی طور پر کل21867 درخواستیں موصول ہوئی ہے۔

متبادل دواؤں کی رجسٹریشن کیلیے ملک بھر میں قائم تمام ادویہ ساز کمپنیوں نے درخواستیں دائر کی ہے ، کمپنیوں نے جن متبادل ادویات کی رجسٹریشن کیلیے درخواستیں دی ہیں ان میں ٹیبلٹ، کیپسول، ڈراپ، ساشے، سیرپ، سافٹ جل،سوپ، آئل، کریم، لوشن، شیمپو، آئنمنٹ، جیل،لیکوئڈ، طاقت کی گولیاں،فیس واش، ماؤتھ واش، سپرے،سن بلاک،سن اسکرین، رنگ گورا کرنے والی کریم،پاؤڈر، ملک، ٹیوب، فیڈ اور دیگر ادویات شامل ہیں۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے پہلی مرتبہ متبادل ادویات کی رجسٹریشن کیلیے موصول تمام درخواستوں کی عبوری لسٹ تیار کرتے ہوئے اسے متعلقہ کمپنیوں کے ساتھ شیئر کرلیا ہے،ڈریپ نے متعلقہ کمپنیوں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ عبوری لسٹ پر 15روز کے اندر اپنی آرا ڈریپ ہیڈ آفس میں جمع کرائیں تاکہ ان کو مد نظر رکھتے ہوئے ادویات کی لسٹ کو حتمی شکل دی جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں