یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے


Reporting Team/News Agencies September 10, 2019
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ۔ فوٹو: فائل

نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اوران کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کیلیے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

یوم عاشور کے موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے، مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہو ہوئے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ ماتمی جلوسوں کے روٹس اور اطراف میں موبائل فون سروس جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے۔

ملک بھر میں امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات رہے۔ وفاق کی جانب سے مہیا کئے گئے چار ہیلی کاپٹرز کے ذریعے عاشورہ کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر ختم ہوا۔ اسلام آباد میں مرکزی جلوس سیکٹر جی 6 ٹو امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوا۔

لاہور میں شبیہ علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس تاریخی نثار حویلی سے رات کو برآمد ہوا جو اپنے مخصوص راستوں سے گزرتا ہوا کربلاگامے شاہ پہنچ کراختتام پذیر ہوا جس کے بعد مجلس عزا اورشام غریباں منعقدہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں