ٹریفک حادثات بڑھ رہے ہیں چنگ چی رکشوں کے خلاف کارروائی کا حکم

ٹریفک پولیس میں ٹھیکیداری سسٹم فوری ختم کیا جائے،پبلک ٹرانسپورٹ میں لگے سی این جی سلنڈر کے سرٹیفکیٹ چیک کیے جائیں


Raheel Salman September 30, 2013
لیاقت آباد انڈ ر پاس کے اطراف چنگی چی رکشوں کے غیر قانونی اسٹینڈ اور فٹ پاتھ پر گاڑیاں پارک کرنے سے راہ گیروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ غلام قادر تھیبو نے شہر میں چلنے والے چنگ چی رکشوں کے خلاف سخت کارروائی اور پبلک ٹرانسپورٹ میں لگے سی این جی سلنڈر کے سرٹیفکیٹ بھی چیک کرنے کا حکم دیا ہے جس ڈرائیور کے پاس سرٹیفکیٹ نہ ہو اس کیخلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انھوں نے ٹریفک پولیس کا یونیفارم تبدیل کرنے کا اعلان کیا جبکہ افسران کو عوام کے ساتھ اپنا رویہ بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی، وہ اتوار کو کلفٹن آفس میں ٹریفک پولیس کے افسران کے دربار سے خطاب کررہے تھے ، تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ غلام قادر تھیبو نے ٹریفک پولیس کو حکم دیا کہ وہ شہر میں چلنے والے چنگ چی رکشا کے خلاف سخت کارروائی کریں، چنگ چی رکشا کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، ان میں چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے انجن لگائے جارہے ہیں جبکہ نوعمر لڑکوں کی بڑی تعداد اس وقت چنگ چی رکشا چلارہی ہے جوکہ غیر تربیت یافتہ ہیں ، ان عوامل کی وجہ سے شہر میں ٹریفک حادثات کی شرح میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔



 

انھوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس میں ٹھیکیداری سسٹم فوری طور پر ختم کیا جائے ورنہ وہ مکمل ثبوت کے ساتھ ملوث افسران کے خلاف کارروائی کریں گے ، انھوں نے محکمے سے کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل قرار دیا ، اپنے خطاب میں انھوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی سلنڈر کے سرٹیفکیٹ پیش نہ کرنے والے ڈرائیور حضرات کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے ، پبلک ٹرانسپورٹ میں چھتوں پر مسافروں کو سوار کرانے والے ڈرائیوروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ، اس موقع پر غلام قادر تھیبو نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس میں 3 ہزار 340 کی نفری جبکہ تقریباً 8 ہزار کا روڈ نیٹ ورک ہے جوکہ ٹریفک پولیس کے لیے یقیناً ایک بڑا چیلنج ہے۔

انھوں نے کہا کہ شہر کے موسمی حالات اور آب و ہوا کے لحاظ سے ٹریفک پولیس کا یونیفارم بھی تبدیل کیا جائے گا ، انھوں نے ٹریفک پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ افسران کے ساتھ اپنا رویہ بہتر کریں تاکہ محکمے کا امیج بہتر ہو ، اس ضمن میں انھوں نے تھائی لینڈ کی مثال پیش کی جہاں پولیس کا سربراہ ریٹائرمنٹ کے بعد وزیراعظم کے عہدے تک پہنچا ، اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک عارف حنیف نے افسران کو سخت متنبہ کیا کہ وہ دفاتر میں بیٹھے رہنے کے بجائے سڑکوں پر نکلیں ، انھوں نے کہا کہ اسکولوں کے اوقات ، رش کے اوقات اور وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران افسران و اہلکار مکمل تندہی سے فرائض انجام دیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ، اس موقع پر انھوں نے چند مقامات کی مثال بھی پیش کی جہاں وہ خود موجود تھے لیکن متعلقہ ٹریفک سیکشن آفیسر غائب تھے ، انھوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سول اسپتال ، جناح اسپتال ، ایم اے جناح روڈ ، الیکٹرونکس مارکیٹ صدر اور نیو ایم اے جناح روڈ کے ٹریفک سیکشنز پر تعینات افسران اپنا قبلہ درست کرلیں ، دربار کے موقع پر بیشتر افسران نے چند مسائل کا ذکر کیا جنھیں جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں