اولمپکس کوالیفائینگ گرین شرٹس کے یورپی ٹیموں سے پریکٹس میچز ہوں گے

پی ایچ ایف نے جرمنی اور بیلجیئم سے رابطہ کرلیا، معاملات طے پانے کی صورت میں ٹیم ایکشن میں دکھائی دے گی


Mian Asghar Saleemi September 15, 2019
کیمپ کا پہلا مرحلہ 18 ستمبر کو مکمل ہوگا۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ سے قبل گرین شرٹس کو یورپی ٹیمو ں کیخلاف پریکٹس میچزکیلیے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کو آئندہ ماہ ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کا چیلنج درپیش ہے،ہالینڈ کے خلاف میزبان ملک میں شیڈول میچز کی تیاری کے لیے گرین شرٹس کا کیمپ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہے،پہلا مرحلہ 18 ستمبر کو مکمل ہوگا، ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے پلیئرز کو پریکٹس پلان دیا جائے گا جس کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی واٹس ایپ کے ذریعے بنائے جانے والے گروپ سے کی جائے گی۔

ایک ہفتہ آرام کے بعد پلیئرز دوبارہ 25ستمبر کو کیمپ کمانڈنٹ خواجہ محمد جنید کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ہی رپورٹ کریں گے،ذرائع کے مطابق کیمپ کے دوسرے مرحلے میں لاس اینجلس1984کی فاتح ٹیم کے کپتان منظور جونیئر کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی پلیئرزکی کارکردگی کا بغور جائزہ لے گی اور چیف کوچ کی مشاورت سے اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں حتمی اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کوالیفائنگ راؤنڈ سے قبل قومی ٹیم کو پریکٹس میچز کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے، اس حوالے سے فیڈریشن حکام نے جرمنی، بیلجیئم کی فیڈریشنز سے رابطہ کیا ہے،معاملات طے پا جانے کی صورت میں گرین شرٹس یورپی ٹیموں کے ساتھ پریکٹس میچز میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی ٹیم پہلی بارکسی انٹرنیشنل ایونٹ کے دوران ایکشن میں دکھائی دیگی،گرین شرٹس نے ارجنٹائن اورآسٹریلیا میں ہونے والے پروہاکی لیگ میں شرکت کرنا تھی لیکن مالی مشکلات کی وجہ سے پاکستانی ٹیم اس ایونٹ کا حصہ نہ بن سکی تھی۔

ادھر پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ ٹیم کی تیاریاں درست کی جانب گامزن ہیں،اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت میں قومی چیف کوچ نے کہاکہ کیمپ میں پلیئرز کو بہترین ٹریننگ کرانے کی کوشش ہو رہی ہے، البتہ یہ حقائق بھی ہمیں ہر گز فراموش نہیں کرنے چاہیے کہ ہالینڈ کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے جبکہ ہم عالمی رینکنگ میں اس وقت 17ویں نمبر پر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے آرام میں کھلاڑیوں پر یہ بات واضح کردی جائے گی کہ وہ اس دوران بھی بھر پور ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھیں اور اپنی خصوصی مشقوں کے حوالے سے ٹیم مینجمٹ کوآگاہ کرتے رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں