ٹیکس گوشواروں کی تعداد40 لاکھ ہونے کا امکان ہےتوقیر بخاری

ایف بی آر نے سادہ و عام فہم ریٹرن فارم پر مشتمل موبائل ایپ متعارف کروادی


Khususi Reporter September 15, 2019
ایف بی آر نے سادہ و عام فہم ریٹرن فارم پر مشتمل موبائل ایپ متعارف کروادی۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن (رِٹبا)کے صدر سید توقیر بخاری نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی جانب سے تنخواہ دار ملازمین سمیت دیگر شعبوں کے لیے عام فہم ریٹرن فارم متعارف کروانے سے ٹیکس گوشواروں کی تعداد40 لاکھ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے اور اس سے نہ صرف ایف اے ٹی ایف کی شرائط پوری ہوجائیں گی بلکہ ٹیکس نیٹ بڑھے گا اور ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا۔

''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے تنخواہ دار ملازمین کیلیے سادہ و عام فہم ریٹرن فارم پر مشتمل موبائل ایپ متعارف کروادی ہے جو کہ ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے اور توقع ہے کہ پیر تک یہ مکمل آپریشنل ہوجائے گی جبکہ ایف بی آر کی طرف سے چھوٹے تاجروں اور دیگر شعبوں کیلیے بھی سادہ و آسان ریٹرن فارم متعارف کروائے جارہے ہیں جس سے تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور جیولرز وغیر ہ سے ٹیکس کا حصول آسان ہو گا۔

اس سے ادارے کی کارکردگی اور محاصل میں اضافہ متوقع ہے۔انھوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو سہولتوںکی فراہمی سے ٹیکس کے دائرہ کار سمیت سرکاری محاصل میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال ( 2019 ) گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد میں40 لاکھ افراد کے اضافے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ سال ان میں25 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا تھا جو ملکی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے ملکی معیشت کو دستاویزی بنانے میں بھی اہم پیشرفت ہوگی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جبکہ انکم ٹیکس فائلرز کی تعداد بڑھنے سے ملک کے دیگر اقتصادی اعدادوشمار پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے جس سے عالمی سطع پر پاکستان کی اقتصادی اشاریوں سے متعلق رینکنگ میں بھی بہتری آنے کی توقع ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھے گا اور اقتصادی ترقی کی رفتار میں تیزی آئے گی۔

موجودہ حکومت ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر ٹیکس دہندگان کو سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی پالیسی پر گامزن ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں