سیکریٹری کے لاہور میں ڈیرے آج سیٹھی سے ملاقات

لیگل ایڈوائزر بھی امیر طارق کے ساتھ، اکیڈمی میں قیام، آمد پر پُرتپاک استقبال


پی سی بی ملازمین کو ملنے والی تنخواہوں، مراعات و ٹرانسپورٹ کا جائزہ لیں گے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر وفاقی حکومت کی طرف سے نامزدکیے جانے والے سیکریٹری نے لاہور میں ڈیرے ڈال دیے۔

امیر طارق زمان بدھ کو نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے ملاقات کریں گے، ان کی منگل کو رات گئے دبئی سے واپسی متوقع تھی۔ سیکریٹری کے ساتھ لیگل ایڈوائزرعرفان اﷲ خان بھی آئے ہیں، ان کا قیام نیشنل اکیڈمی میں ہے، گذشتہ شام دونوں اسلام آباد سے براستہ موٹر وے بورڈ کے ہیڈکوارٹر قذافی اسٹیڈیم پہنچے تو حکام نے پُرتپاک استقبال کیا، ذرائع نے بتایا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سینئر شیف نے پوچھا کہ ''آپ پاکستانی، چائینز یا میکسیکن کون سا کھانا پسند کریں گے،حکم کریں ہم فوری تیار کردیں گے''۔ ٹرانسپورٹ کے انچارچ نے کہا کہ 2گاڑیاں آپ کے کنٹرول میں رہیں گی جب چاہیں لاہور کی سیر کریں۔



ذرائع کے مطابق نگران چیئرمین نجم سیٹھی سے باضابطہ ملاقات کے موقع پر وزارت بین الصوبائی رابطہ کے قانونی مشیر عرفان اﷲ خان اور بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی موجود ہوں گے، دوسرے سیشن میں پی سی بی شعبہ ایچ آر کے سربراہ بورڈ میں کام کرنے والے تمام ملازمین کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے، ادارے کی طرف سے ملازمین کو ملنے والی تنخواہوں،مراعات، ٹرانسپورٹ جبکہ ان کی تعلیمی اسناد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیکریٹری کی آمد کے بارے میں جاننے کے اگلے روز ہی بورڈ میں ہلچل مچ گئی تھی،مختلف عہدوں پر کام کرنے افراد کی فہرستیں ترتیب دے کر ریکارڈ ہر لحاظ سے مکمل کرنے کے لیے خصوصی تگ و دو کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں