کراچی میں ’’گٹر پالیٹکس‘‘ کے بعد مچھروں پر سیاست شروع

الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے اسمبلی کے ایئر کنڈیشنڈ ہال میں اسپرے


حفیظ تنیو September 22, 2019
سندھ اسمبلی میں مچھر مار دوا کا اسپرے کیا جارہا ہے فوٹوایکسپریس

شہر کراچی گٹر پالیٹکس کے بعد مچھر کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ڈینگی اور ملیریا کی وبائی صورت حال کے پیش نظر کمشنر کراچی کی جانب سے فیومیگیشن مہم کے احکام کے 2دن کے بعد سندھ اسمبلی میں ایک انوکھا واقعہ رونما ہوا ہے۔

سندھ اسمبلی کے ایئرکنڈیشنڈ ہال (جو پہلے ہی مچھروں سے پاک ہے) میں مچھر مار اسپرے کیلیے جماعت اسلامی سے منسلک الخدمت فاؤنڈیشن کی فیومیگیشن وین پہنچ گئی۔ ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی عبدالرشیدکا کہناہے کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سی ڈلیور کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں توایسے وقت میں الخدمت فاؤنڈیشن نے ڈینگی مچھروں اور مکھیوں کے خاتمے کا بیڑا اٹھایاہے۔

جب ان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی کہ سندھ اسمبلی کا ایئرکنڈیشنڈ ہال تو ویسے ہی مکھی مچھروں سے پاک ہے تو ان کا کہناتھا کہ جب سرکاری ادارے اپنا کام نہیں کریں گے بھرکسی کو تو اقدام کرناہوگا۔ انھوں نے کہاکہ اسمبلی ہال میں فیومیگیشن الخدمت کی مہم کا حصہ ہے جو شہربھرمیں جاری ہے۔ سندھ اسمبلی کے سیکریٹری جی ایم عمرفاروق نے بتایاکہ فیومیگیشن ان کی اجازت سے کی گئی اور اس میں غلط کیاہے۔

ایئرکنڈیشنڈ ہال میں الخدمت کی جانب سے فیومیگیشن پر ردعمل دیتے ہوئے ڈی ایم سی ساؤتھ کے چیئرمین ملک فیاض کا کہناہے کہ یہ سیاسی شعبدے بازی کے سواکچھ بھی نہیں، اسپرے مہم چلانا کے ایم سی اور ڈی ایم سی کا م ہے نہ کہ سیاسی جماعتوں ،صوبائی یا وفاقی حکومت یا کا۔ یہ لوگ سستی شہرت کے حصول کے علاوہ کچھ نہیں کررہے، کے ایم سی کے تعاون سے ڈی ایم سی نے مختلف علاقوں میںاسپرے مہم کا پلان بنایاہے، اس وقت ہمیں وسائل فراہم کرناضرورت ہے، سیاسی جماعتیں اپنی حد سے تجاوز نہ کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں