نااہل ملازمین کیخلاف ’’ٹارگیٹڈ آپریشن‘‘ کیلیے فہرستیں تیار

سیاسی بنیادوں پر قواعد وضوابط سے ہٹ کر لاکھوں روپے تنخواہوں پر بھرتی ہونے والے اعلیٰ عہدیداربھی گرفت میں آئینگے۔


سیکریٹری امیر طارق کی نگران چیئرمین و دیگر سے ملاقات،پی سی بی افسران کی تفصیلات طلب کر لیں،کوچز کا بھی پوچھا۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ میں سیاسی بنیادوں پر قواعد وضوابط سے ہٹ کر بھرتی ہو نے والے نااہل ملازمین کیخلاف ''ٹارگیٹڈ آپریشن'' کیلیے فہرستیں تیار کر لی گئیں۔

لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ اور دیگر پُرکشش مراعات لینے والے عہدیدار بھی گرفت میں آئیں گے، حکومت کی جانب سے مقرر کردہ سیکریٹری امیر طارق زمان نے گذشتہ روز ابتدائی پروگرام تشکیل دے دیا،انھوں نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اپنے مشیر عرفان اللہ کے ہمراہ نگران چیئرمین نجم سیٹھی اور ڈائریکٹر ایچ آر سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران بورڈ ملازمین کی تفصیلات طلب کیں۔ ذرائع کے مطابق سیکریٹری نے ذکا اشرف کے دور میں بھرتی ہونے والے ملازمین کی تعداد دریافت کرنے کے ساتھ ان عہدیداروں کے بارے میں بھی پوچھا جو قواعد وضوابط سے ہٹ کر بھاری معاوضوں پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے، وہ بورڈ ملازمین کی تعداد اور بیشتر افسران کو ملنے والی تنخواہیں و مراعات دیکھ کر ششدر رہ گئے،انھوں نے نگران چیئرمین سے کہا کہ بغیر کام کیے لاکھوں روپے تنخواہیں لینے اور دیگر مراعات سے لطف اندوز ہونے والوں کا بورڈ میں آخر کیا کام ہے۔



ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں ذکاء اشرف کے دور میں بھرتی ہونے والے 68 ملازمین کو فارغ کیا جائے گا جبکہ دوسرے فیز میں 4 لاکھ یا اس سے زائد تنخواہیں لینے والے بورڈ عہدیداروں کو بھی گھر جانے کا پروانہ جاری کیا جائے گا۔ فیصلے پر عمل درآمد کی صورت میں ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد، ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ انتخاب عالم، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ذاکر خان، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن بریگیڈیئر(ر) ساجد حمید، ڈائریکٹر ویجیلنس اینڈ سیکیورٹی احسان صادق، سینئر منیجر قذافی اسٹیڈیم کرنل اشفاق، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بدر رفاعی، سینئر جنرل منیجر مارکیٹنگ اسد علی چوہدری، شفیق پاپا اور دیگر عہدیدار فارغ ہوں گے۔مزید معلوم ہوا ہے کہ سیکریٹری بورڈ نے پاکستانی ٹیم کے غیر ملکی کوچز اور دیگر اسٹاف پر آنے والے اخراجات کے بارے میں بھی پوچھا۔دوسری جانب امیرطارق زمان کے مشیر عرفان اللہ کا کہنا ہے کہ ہم نے بورڈ کے تمام ملازمین کی تفصیلات طلب کر لی ہیں،خلاف ضابطہ تقرریوں کا جائزہ لینے کے بعد غیرضروری ملازمین کوفارغ کر دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں