دہشت گرد کیمپوں کے بے بنیاد بھارتی الزامات ویٹو پاور ممالک کے سفرا کو دورہ بالا کوٹ کی دعوت

پاکستان محاذ آرائی نہیں چاہتا ،جارحیت ہوئی تو منہ توڑ جواب دیں گے،قائم مقام سیکریٹری خارجہ کی بریفنگ


خالد محمود/Kamran Yousuf September 27, 2019
بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بین الاقوامی توجہ ہٹانے کے لیے زہریلا پروپیگنڈاکررہا ہے،قائم مقام سیکریٹری خارجہ کی بریفنگ۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے خلاف بھارتی زہریلے پروپیگنڈہ کے تدارک کے لیے قائم مقام سیکریٹری خارجہ معظم احمد خان نے جمعرات کے روز دفتر خارجہ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ویٹو پاور رکھنے والے 5مستقل رکن ممالک امریکا ، روس ،چین ،برطانیہ اور فرانس کے سفرا کو بریفنگ دیتے ہوئے انھیں حقائق جاننے کے لیے بالاکوٹ کے دورے کی دعوت دی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بریفنگ کے دوران معظم احمد خان نے ویٹو پاور ممالک کے سفراکو بتایا کہ بھارت کی طرف سے مسلسل اشتعال انگیز بیانات آ رہے ہیں،بھارت نے گزشتہ چند روز سے پاکستان مخالف پراپیگنڈہ مہم تیز کر دی ہے،بھارتی فوجی قیادت بھی اپنے بیانات میں جنگی ماحول کا تاثر دے رہی ہے۔

معظم احمد خان کا کہنا تھا کہ بالا کوٹ، راولا کوٹ، اورمظفرآباددہشتگردوں کے کیمپوں کی موجودگی کے الزامات بے بنیاد اور اشتعال انگیز ہیں،بھارتی بیانات مقبوضہ جموں و کشمیر سے بین الاقوامی توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں، انھوں نے سفرا پر واضح کیا کہ پاکستان محاذ آرائی نہیں چاہتا، جارحیت ہوئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔

قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک پر زور دیا کہ خطے میں مسائل کے حل اور امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف نے گزشتہ دنوں بیان دیا تھا کہ بالا کوٹ میں دہشتگردوں کے کیمپ دوبارہ فعال ہوگئے ہیں۔بھارتی میڈیا بھی اسی طرح کا پراپیگنڈہ کررہا ہے۔

قائم مقام سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ سب پراپیگنڈا گزشتہ 50 دنوں سے زیادہ عرصہ سے محصور کشمیریوں کی حالت زارسے توجہ ہٹانے کیلئے کیا جارہا ہے۔ بھارت اس کی آڑ میں کنٹرول لائن پر کوئی جعلی فلیگ آپریشن کرنا چاہتا ہے جس کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا،قائم مقام سیکریٹری خارجہ نے پی فائیوممالک پر زوردیا کہ وہ بھارت کو ان حرکات سے روکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں