2 سال گزر جانے کے باوجود ادکارہ سپنا خان کا کوئی سراغ نہ مل سکا

زیبا خان فلم انڈسٹری میں سپنا خان کے نام سے جانی جاتی تھیں، متعدد فلموں میں کام کیا، بنیادی طورپر مردان کی رہائشی تھیں


ایم عمیر دبیر October 07, 2013
سابق وزیر اعلی پنجاب دوست محمد کھوسہ اور اداکارہ سپنا خان ۔ فوٹو: فائل

زمین نگل گئی یا آسمان کھا گیا،2 سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود اداکارہ سپنا خان کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

اداکارہ کے اغوا کا مقدمہ سابق وزیر اعلی پنجاب دوست محمد کھوسہ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف درج ہے،اغوا کی دفعات کے تحت درج مقدمہ میں بھی کوئی پیش رفت نہ ہوسکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 749_L کی رہائشی زیباخان جو کہ فلم انڈسٹری میں سپنا خان کے نام سے جانی جاتی تھیں،سپنا خان نے متعدد فلموں میں کام کیا،سپنا خان بنیادی طورپر مردان کی رہائشی تھیں۔02جون 2010میں دوست محمد کھوسہ نے سپنا خان سے شادی کرلی،اس شادی کا علم سپنا خان کے اہل خانہ کو شادی کے بعد ہوا،اس شادی سے دوست محمد کھوسہ کی بیٹی ماہ گل پیدا ہوئی،اس دوران دوست محمد کھوسہ اور سپنا خان کے اہل خانہ کے درمیان لڑائی جھگڑا کے واقعات شروع ہوگئے۔

اہل خانہ کا کہنا تھا کہ دوست محمد کھوسہ ان کی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔اس دوران سپنا خان اچانک غائب ہوگئی اور ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہ مل سکی،آخری وقت وہ اپنے شوہر دوست محمد کھوسہ کے ہمراہ تھیں،بیٹی کے غائب ہونے کے بعد اداکارہ کے والد سپنا خان کے والد مثل خان نے تھانہ ریس کورس میں درخواست جمع کروائی کہ ان کی بیٹی کو دوست محمد کھوسہ نے اپنے ساتھیوں شہیر داود بٹ،محمد فہیم، رانا تنویر، جاوید، یٰسین وغیرہ نے اغوا کے بعد ڈیرہ غازی خان میں لے جاکر قتل کردیا ہے،درخواست میں ان کا کہنا تھا کہ آخری وقت میرا بیٹا فیصل خان اپنی بہن سپنا خان کو 12-B ایکمن روڈ GOR-1لاہور میں چھوڑ کرآیا تھا جس کے بعد ہمارا اس سے کوئی رابطہ نہ ہوسکا ہے۔مثل خان کی درخواست پر تھانہ ریس کورس میں اغواء کی دفعات کے تحت مقدمہ 169/12 درج کرلیا۔



دوسری جانب سپنا خان کے غائب ہونے پر ان کے شوہر دوست محمد کھوسہ کی طرف سے بھی سپناخان کے اہل خانہ پر بھی اغواء اور فراڈ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔اس دوران سپناخان کے اہل خانہ کی جانب سے سپنا کی بازیابی کے لیے عدالت سے بھی رجوع کیا گیا۔ریس کورس انویسٹی گیشن پولیس سے مایوس ہوکر اداکارہ کے والد نے تفتیشی کی تبدیلی کی درخواست بھی دی ۔جس میں انھوں نے پولیس حکام سے اپیل کی کہ تفتیش اعلی افسران کے ذمے لگائی جائے۔تاہم اداکارہ سپنا خان کو غائب ہوئے 2 سال سے زائد کاعرصہ گزر چکا ہے تاہم آج بھی اس کیس میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی ہے۔

اداکارہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس اس کیس میں دبائو کاشکار ہے جس کے باعث تفتیش آگے نہیں بڑھ رہی اور نہ ہی ملزمان کو تفتیش کے لیے طلب کیا جارہا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سپنا اغوا کیس میں تفتیش کاعمل جاری ہے،ایک دفعہ دوست محمد کھوسہ کا بیان ریکارڈ کیا جاچکا ہے۔جلد ہی اصل حقائق سامنے آجائیں گئے۔سپنااغوا کیس کے وکیل ایڈووکیٹ اظہر صدیق کا کہنا ہے کہ کہ آخری لمحات میں سپنا خان دوست محمد کھوسہ کے ساتھ تھیں،اور اس حوالے سے موبائل فون کا ریکارڈ بھی موجود ہے،اس لیے سپنا خان کے اغوا کے ذمے دار دوست محمد کھوسہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں