پی آئی اے نے 10 کروڑ 65 لاکھ روپے کا مسافروں کا کھانا ضائع کردیا

پی آئی اے انتظامیہ نے 3 سال کے دوران 5 لاکھ 14 ہزار 554 مسافروں کا اضافی کھانا منگوا کر ضائع کیا، آڈٹ رپورٹ کا انکشاف


طالب فریدی October 07, 2019
صرف علامہ اقبال ایئرپورٹ پر 3 سال میں 4 کروڑ 40 روپے کا کھانا ضائع ہوا۔ آڈٹ رپورٹ۔ (فوٹو : فائل)

قومی ایئر لائین کی انتظامیہ نے تین سال کے دوران 10 کروڑ 65 لاکھ روپے مالیت کا مسافروں کے لیے منگوایا جانے والا کھانا ضائع کردیا۔


قومی ائیر لائن پی آئی اے مال مفت دل بے رحم کی عملی مثال بن گئی، پی آئی اے فلائٹ کچن کی آڈٹ رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا ہے کہ سابق دور حکومت میں پی آئی اے انتظامیہ نے کروڑوں روپے اضافی کھانے پر خرچ کر ڈالے۔


رپورٹ کے مطابق مالی سال 2013ء سے 2015ء کے دوران پی آئی اے میں 55 لاکھ 58 ہزار 284 مسافروں نے سفر کیا جب کہ 2013ء سے 2015ء کے دوران 60 لاکھ 72 ہزار 839 مسافروں کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا۔


اس طرح 5 لاکھ 14 ہزار 554 مسافروں کا اضافی کھانا منگوایا گیا اور اس اضافی کھانے کا خرچہ 7 کروڑ 25 لاکھ 72 ہزار 526 روپے ہوا، رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صرف علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر اسی عرصے میں 4 کروڑ 40 روپے کا کھانا ضائع ہوا اور مجموعی طور پر تین سال میں ملکی خزانے کو اضافی کھانے کی مد میں 10 کروڑ 65 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔


آڈٹ رپورٹ میں نقصان کا ذمہ دار انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی کو قرار دیا گیا ہے جب کہ اس معاملے کے بارے میں پی آئی اے انتظامیہ کو 2016ء اور نومبر 2018ء میں آگاہ کیا گیا تھا لیکن انتظامیہ نے کروڑوں روپے کے اخراجات کا جواب نہیں دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں