سندھ اسمبلی تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی میں شدید اختلافات

ناراض ارکان کا فردوس شمیم کیخلاف محاذ،عمران اسماعیل اختلافات ختم کرانے کیلیے متحرک


وکیل راؤ October 10, 2019
پی ٹی آئی کے ہم خیال ارکان سندھ اسمبلی کااجلاس، اختلافی امور سمیت دیگر معاملوں پر غور فوٹو:فائل

سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی میں اختلافات میں شدت، اپوزیشن لیڈر کو تبدیل کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا جب کہ پی ٹی آئی کے ناراض ارکان نے فردوس شمیم نقوی کے خلاف محاذ بنالیا۔

پی ٹی آئی کی سندھ اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی میں تنازعات سنبھلنے کا نام ہی نہیں لے رہے، سندھ میں پارٹی رہنماوں کے درمیان اختلافات سے تحریک انصاف کے تنظیمی امور اور سندھ اسمبلی میں پارٹی کی پارلیمانی کارکردگی بھی متاثر ہورہی ہے، تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کے رویے پر متعدد بار پارٹی قیادت کو آگاہ کرچکے ہیں۔

پارٹی کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ اور فردوس شمیم نقوی کے در میان کئی امور پر اختلافات سامنے آچکے ہیں، پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ انھیں وفاقی وزرا کا سندھ میں فوکل پرسن بنایاجائیگا اور وفاقی وزارتوں سے متعلق ان کے حلقے کے شہریوں کے مسائل وشکایات کا ازالہ کیاجائیگا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں بھی کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔

بدھ کے روز پی ٹی آئی کے ہم خیال ارکان سندھ اسمبلی کا اجلاس صوبائی رہنما کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں صرف مخصوص ارکان سندھ اسمبلی کو بلایاگیا تھا جبکہ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے کئی ارکان اس اجلاس سے لاعلم تھے، پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی کے اس اجلاس میں پارٹی کے اختلافی امور،ارکان کے تحفطات اور اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک ارکان نے اصولی اتفاق کیاکہ پارٹی کی مرکزی قیادت کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے لیے قائل کیاجائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں