سردی نہ بارش کا ڈر شرکا نے کنٹینرز میں سو کر رات گزاری

پنڈال کی خود صفائی کی‘باجماعت نماز میں پولیس اہلکار بھی شامل‘ کئی کارکن فٹبال کھیلتے رہے


ناجائز حکومت ختم کرینگے، عطاء الرحمن‘ نہال ہاشمی ‘وزیر آزاد کشمیر ڈاکٹر مصطفی کا بھی خطاب۔ فوٹو: فائل

جے یو آئی دھرنا کے شرکاء نے انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے کنٹینرز کو ہی قیام گاہ بنا لیا اور رات سخت سردی میں کھلے آسمان تلے گزارنے کی بجائے کنٹینرز کے اندر سو کر گزاری۔


جے یو آئی دھرنے کے شرکا نے نماز فجر کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت پنڈال کی صفائی کی، ایک جگہ پر پولیس کے اہلکار بھی جے یو آئی ف کے ایک کارکن کے پیچھے نمازفجر پڑھتے ہوئے نظر آئے، کئی کارکن ٹیمیں بنا کر فٹ بال کھیلتے اور چادروں کی مدد سے اپنے ساتھیوں کو فضا میں اچھالتے رہے، بعض شرکانے خیمے لگائے ہوئے ہیں۔

واش رومزکی حالت خراب ہونے پر شرکاء قریبی مساجدکے واش رومزاستعمال کرنے پرمجبور رہے، نماز ظہر کے بعد جے یو آئی ف کی مرکزی و صوبائی قیادت نے شرکاء کو نظموں اور تقاریر کے ذریعے گرمائے رکھا، اس دوران مولانا عطاء الرحمان، نہال ہاشمی، جمشید دستی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی آزاد کشمیر ڈاکٹر مصطفیٰ نے خطاب کیا۔

عطا الرحمان کا کہنا تھا کہ ناجائز حکومت کو ختم کرنا ہے، اگر قائد نے حکم دیا تو پورے پاکستان کو لاک ڈاؤن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہمارے پاس پلان بی بھی ہے اور پلان سی بھی ہے، اسلام آباد انتظامیہ معاہدے سے پھر چکی ہے قائد کی کال پر رکے ہیں ورنہ معاہدے کو اڑا کر رکھ دیں گے۔

نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد تک پہنچنے والوں کو نواز شریف کا سلام پیش کرتا ہوں، نواز شریف کو جیل میں ڈالنے، مریم کے آنسوؤں اور کشمیر کو بیچنے کا حساب لیں گے، جمشید دستی نے کہا کہ فضل الرحمان جو حکم دیں گے لبیک کہیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں