زیریں سندھ حکومتی اعلانات کے بر عکس عید پر بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ

تینوں دن بجلی آنکھ مچولی وبال بن گئی، مشتعل شہری سڑکوں پر آ گئے، اسلام آباد ریلوے پھاٹک پر دھرنا


Nama Nigaran/Numainda Express October 19, 2013
علاقے میں بجلی کی فراہمی منقطع ہونے سے علاقے میں پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا۔فوٹو: فائل

حکومتی اعلان کے باوجود حیدرآباد سمیت زیریں سندھ میں عید الاضحیٰ کے موقع پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کے دوسرے روز حیدرآباد شہر کے گنجان آباد علاقے گجراتی پاڑہ کے رہائشی بجلی کی بندش کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور انھوں نے اسلام آباد ریلوے پھاٹک پر احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین حیسکو اور افسران کیخلاف نعرے لگارہے تھے۔ اس دوران بجلی کے ستائے افراد نے ریلوے پھاٹک بند کر کے ٹریک پر دھرنا دیا اور ٹائر نذر آتش کیے جسکے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان علاقے میں عید کے روز سے بجلی کی فراہمی بند ہے۔ عید الاضحی سے قبل علاقے کا ٹرانسفارمر جل گیا جسے تبدیل تو کیا گیا لیکن وہ بھی چند گھنٹے بعد دوبارہ جل گیا۔



جس کے وجہ سے ایک فیز مکمل طور پربند ہے اور علاقے کے کئی گھر اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ مظاہرین کے مطابق اطلاع دینے کے باوجود حیسکو عملے نے ٹرانسفارمر تبدیل نہیں کیا جس کی وجہ سے دوسرے روز مکینوں کو جہاں قربانی میں دشواری پیش آئی، وہیں گھروں میں دعوتوں کے لیے کھانے پکانے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ بجلی کی فراہمی منقطع ہونے سے علاقے میں پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا اور مکین بوند بوند کو ترس گئے اور پانی کی تلاش میں سرگرداں رہے۔ احتجاج کی اطلاع پ متعلقہ تھانہ کی پولیس بھی پہنچ گئی۔

جنہوں نے جلد ٹرانسفارمر تبدیل کیے جانے کی یقین دہانی کراکر احتجاج ختم کروادیا۔ٹنڈوجام کے مختلف علاقوں میں بھی عید کے تینوں ایام بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہی جس پر عوام نے شدید احتجاج کیا ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عید کے 3 روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا اس کے باوجود گھنٹوں بجلی بند رکھنا عوام کے ساتھ نا انصافی ہے۔ ادھرماتلی اور نواح میں بھی عید الاضحی کے 3 دن بجلی کی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ جاری رہی جس کی وجہ سے عید کی خوشیاں ماند پڑ گئیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بار بار بجلی کی بندش کیخلافشہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت کو اس کا وعدہ دلایا کہ عید کے 3دن لوڈشیدنگ نہیں ہو گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں