لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ کا ہڑتال کے باعث مزید ڈاکٹرز بھرتی کرنے کا فیصلہ

اسپتال میں گریڈ 17 میں 30 میڈیکل آفیسرز اور 30مختلف کنسلٹنٹ ڈاکٹرز بھرتی کیے جائیں گے


شاہدہ پروین November 05, 2019
ایل آر ایچ انتظامیہ ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، اسپتال ترجمان فوٹوفائل

لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹروں کی مسلسل ہڑتال وڈیوٹی سے بائیکاٹ کے باعث مزید ڈاکٹرز کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹروں کی مسلسل ہڑتال وڈیوٹی سے بائیکاٹ کے باعث مزید ڈاکٹرز کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کےلئے باضابطہ آسامیوں کو مشتہر کردیا گیا ہے۔ اسپتال میں گریڈ 17 میں 30 میڈیکل آفیسرز اور 30مختلف کنسلٹنٹ ڈاکٹرز بھرتی کیے جائیں گے۔

اسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق ڈاکٹروں میں اسسٹنٹ پروفیسرز ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور پروفیسرز لیول کے سینیئر ڈاکٹرز شامل ہوں گے۔ جبکہ نئے ڈاکٹروں کو سرجیکل کے شعبہ جات بشمول ہارٹ سرجری واسکولر سرجری اسپائنل سرجری اور بریسٹ سرجری کے علاوہ میڈیکل، پیتھالوجی اور اینستھیزیا کے شعبہ جات کےلئے ہائر کیا جائے گا۔

اسپتال ترجمان کے مطابق ایل آر ایچ انتظامیہ ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے تا کہ مریضوں کو معیاری طبی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ درپیش نا ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کے اسپتالوں میں 42روز سے احتجاجی ہڑتال جاری ہے جس کی وجہ سے ایل آر ایچ میں بھی ڈاکٹروں نے اوپی ڈی کا بائیکاٹ کررکھا ہے جس سے اسپتال انتظامیہ کو ڈاکٹروں کی کمی کا سامنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کہ نئے ڈاکٹروں کو ایم ٹی آئی کے تحت بھرتی کیا جائے گا جوکہ کنٹریکٹ پر ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق ایل آر ایچ انتظامیہ کی جانب سے ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف ڈسپلنری ایکشن کے تحت کارروائی کرکے ان کی خدمات کو محکمہ صحت کو واپس کرنے کا بھی امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں