ایک ہفتے کی چھٹی سے436 ارب روپے کے نقصان کاخدشہ

ٹیکسوں میں بھی50ارب کمی ہوگی،ملک کوایشین ٹائیگربنانے کیلیے تعطیلات کلچربدلنا ہوگا


Business Desk October 20, 2013
معاشی ترقی کے لیے چین وترکی کو رول ماڈل بنایاجائے،ایس ایم منیر، ظہرانے سے خطاب فوٹو: فائل

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ملک میں ایک ہفتے تجارتی وکاروباری سرگرمیاں بند رہنے کے باعث قومی مجموعی پیداوار میں 436 ارب روپے جبکہ حکومتی ریونیو میں بھی تقریباً50 ارب روپے کمی کے خدشات ہیں، پاکستان کو ایشین ٹائیگربنانے کے لیے ملک سے تعطیلات کلچر میں کمی کرنا ہوگی۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایس ایم تنویر، ایس ایم نصیر کے اعزازمیں دیے گئے ظہرانے کے موقع پرکہی، اس موقع پر کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی،ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات، میاں زاہد حسین، سینیٹرعبدالحسیب خان، خالدتواب، گلزار فیروز، فرخ مظہر،احمد چنائے، سرداریاسین ملک،ایس ایم عمران، عبدالسمیع خان،زبیر چھایا، ڈاکٹر مرزااختیاربیگ، مناظراے ناصر،منیر سلطان،فرحان الرحمن ،دانش خان اور دیگربھی موجود تھے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ ملک وقوم کو درپیش مسائل ،توانائی بحران، امن وامان کی موجودہ صورتحال سمیت بڑھتی ہوئی بیروزگاری، غربت اور مہنگائی کاخاتمہ کرنے اورمعاشی ترقی کوبرپاکرنے کیلیے تعطیلات کی بجائے چین، ملائیشیا، ترکی کو رول ماڈل بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ برآمدی سرگرمیوں کوفروغ دینا ہوگا۔ایس ایم منیر نے کہا کہ عیدالضحیٰ کے موقع پر پولیس اور رینجرز کا کردارقابل تعریف تھا اورکراچی میں کھالوں کی چھینا جھپٹی نہ ہوسکی جبکہ امن وامان کی صورتحال میں بھی بہتری رونما ہورہی ہے ۔



جس کے لیے وزیراعظم نواز شریف، گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات سمیت ڈائریکٹر جنرل رینجرز مبارکبادکے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور کراچی میں امن وامان کے قیام سے پورے ملک پر مثبت اثرات نموردا ہونگے۔ انہوںنے کہا کہ عیدالضحیٰ کی تعطیلات کے باعث پاکستان میں صنعتی، تجارتی اورکاروباری سرگرمیاں ایک ہفتے تک معطل رہے گی جبکہ دوسری جانب پاکستان کے ملنے والے یورپی ممالک سمیت امریکا اور دیگر ریاستوں سے برآمدی آرڈرز کی تکمیل میں بھی مشکلات کاسامنا رہاہے جو ملک وقوم دونوں کے لیے نقصان دے ثابت ہوگا۔

کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی تعطیلات کے باعث یومیہ اجرت کمانے والے مزدورطبقے کو بھی شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ہے اور فیکٹریوں، کارخانوں میں کام کرنے والے مزدورعید الضحیٰ کی تعطیلات میں اضافے کی وجہ سے اپنے علاقوں میں چلے گئے جس سے کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیر ممالک کی فہرست میں شامل ہے اورملک کو ترقی یافتہ ممالک میںشامل کرنے کے لیے دن رات محنت اورلگن کے ساتھ کام کرناہوگا ۔

تاکہ پاکستان سے بے روزگاری اور غربت میں کمی رونما ہوسکے ۔کورنگی ایسوسی ایشن کے صدر سید فرخ مظہر نے کہا کہ پاکستان کے بڑھتے ہوئے درآمدی بل کے پیش نظر ملک میں مینوفیکچرنگ سیکٹر کوفروغ دینا ہوگا، پاکستان میں سستی لیبر اور سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانے کے لیے بڑھتی ہوئی تعطیلات میں کمی کرناہوگی کیونکہ گزشتہ چند سال سے ملک میں جاری خودکش حملوں،ٹارگٹک کلنگ، بھتہ خوری اورتوانائی بحران کے باعث پیداواری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں لہٰذاحکومت کوچاہیے کہ اب موجودہ صورتحال میں زیادہ سے زیادہ صحت مند اورمعاشی سرگرمیوں کوفروغ دینے کے اقدامات کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں