مسلسل شکستیں مصباح الحق کے پاس جواز ختم ہو گئے

پوری سیریز میں پریس کانفرنس نہیں کی، تیسرے میچ کے بعد بابرکوبھیج دیا


Numainda Khususi November 09, 2019
ڈائریکٹر میڈیا کی کھلاڑیوں کو سات پردوں میں چھپانے کی پالیسی برقرار۔ فوٹو: فائل

مصباح الحق کے پاس ٹیم کی مسلسل شکستوں کے جواز ختم ہو گئے، وہ میڈیا کا سامنے کرنے سے کترانے لگے۔

بورڈ کی میڈیا پالیسی مسلسل تنقید کی زد میں ہے، آئی سی سی سے آئے ہوئے آفیشل کی جانب سے غیرملکی بورڈز کی تقلید نے معاملات بگاڑ دیے،آسٹریلیا سے ٹی 20 سیریز میں مصباح الحق نے بھی کسی پریس کانفرنس میں شرکت نہیں کی، صرف آمد کے بعد ایک بار انھوں نے میڈیا سے بات کی تھی۔

پہلے ٹی 20 سے قبل بابر اور میچ کے بعد رضوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا، دوسرے میچ سے پہلے کسی پلیئر نے صحافیوں سے گفتگو نہیں کی اور میچ کے بعد افتخار احمد آئے، تیسرے ٹی ٹوئنٹی سے پہلے وہاب ریاض نے میڈیا سے بات کی تھی۔

سیریز گنوانے کے بعد صحافی توقع کر رہے تھے کہ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق آ کر شکست کی وجوہات بیان کریں گے مگر میڈیا منیجر رضا راشد کپتان بابر اعظم کو لے آئے جو واضح طور پر گھبرائے ہوئے دکھائی دیے، خوش قسمتی سے پاکستان سے صرف ایک اور آسٹریلیا کے چند صحافیوں کی موجودگی کے سبب بہت جلدی پریس کانفرنس ختم ہو گئی۔

واضح رہے کہ ڈائریکٹر میڈیا نے پاکستانی صحافیوں کیلیے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینا مشکل بنا دیا ہے، ان کی ہدایت پر کھلاڑیوں کو سات پردوں میں چھپایا جاتا ہے اور خود انٹرویوز کر کے ریلیز کیے جاتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں