بابر اعظم نے غلطیوں سے سبق سیکھنے کا روایتی بیان داغ دیا

مایوسی ہوئی لیکن اچھی ٹیم سے ہارے، اب توجہ ٹیسٹ سیریز پر ہے، قومی کپتان


Numainda Khususi November 09, 2019
مایوسی ہوئی لیکن اچھی ٹیم سے ہارے، اب توجہ ٹیسٹ سیریز پر ہے، قومی کپتان۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد بابر اعظم نے غلطیوں سے سبق سیکھنے کا روایتی بیان داغ دیا۔

پرتھ میں تیسرا ٹی ٹوئنٹی اور سیریز گنوانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ مایوسی ہوئی لیکن ایک بہتر ٹیم سے ہارے ہیں،ابتدا میں وکٹیں جلد گرنے سے پلان خراب ہوا اور ڈاٹ گیندیں بھی اسی وجہ سے دیکھنے کو ملیں، اپنی غطلیوں سے بہت کچھ سیکھا، کوشش کریں گے کہ آئندہ ان کو نہ دہرائیں،کئی کھلاڑی برے دور سے گزر رہے ہیں، ان کو فارم میں واپسی کیلیے وقت دینا ہوگا، امید ہے کہ ہماری سپورٹ سے وہ برے دور سے نکلنے میں کامیاب ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کپتان کے طور پر بھی میں نے سیکھا، ابھی پہلا ٹور تھا، طویل سفر باقی ہے، سیریز میں اچھی بولنگ نہیں کرسکے، اسی لیے نوجوان بولرز محمد حسنین اور محمد موسٰی کو موقع دیا، انھوں نے بہتر گیندیں بھی کیں لیکن ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اپنی کلاس دکھاتے ہوئے سب کو لاجواب کردیا، امید ہے کہ نوجوان پیسرز وقت کیساتھ مزید تجربہ حاصل کرتے ہوئے بہتر پرفارم کریں گے۔

بابر اعظم نے کہا کہ اب توجہ ٹیسٹ سیریز اور اس سے قبل کھیلے جانے والے طویل فارمیٹ کے پریکٹس میچز پر مرکوز کریں گے، ٹی ٹوئنٹی سے مختلف مزاج کی کرکٹ سے ہم آہنگ ہونے کیلیے مجھے خود بھی وارم اپ مقابلوں میں بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں