10 سال کی عمر تک سکھادینے والے 10 اہم سبق

مائیں اپنے بچوں کی تربیت میں یہ بنیادی نکات کبھی نہ بھولیں


سائرہ فاروق November 12, 2019
مائیں اپنے بچوں کی تربیت میں یہ بنیادی نکات کبھی نہ بھولیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

بچوں کی تربیت کے لیے ماؤں پر ایک بہت اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے، یوں تو سب ہی چاہتے ہیں کہ اُن کے بچے قابل، دیانت دار، ہم درد اور بہادر بنیں، لیکن اس کے لیے کرنا کیا ہے، اس سے واقفیت ذرا کم ماؤں کو ہی ہوتی ہے۔

ہمارے سماج میں عام طور پر خواتین کی اکثریت شادی کے بعد گھر سنبھالتی ہے اور مرد اپنے روزگار میں مصروف رہتے ہیں، اس لیے بچے کی تربیت اور نگہداشت کی بڑی ذمہ داری ماں کے کندھوں پر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بچے کے حوالے سے ہونے والی معمولی سی لغزش پر بھی ماں کو قصور وار ٹھیرایا جاتا ہے۔ ہمارے پدرسری سماج میں ایک ماں کو 10 سال کی عمر تک بچے کی پرورش میں کن چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے، کچھ ان کا جائزہ لیتے ہیں۔

1عزت دینا سکھائیں

اپنے بچے کو احترام انسانیت کا درس دیں، اسے سکھائیے کہ یہ زندگی میں اس کی اولین ترجیح ہونا چاہیے، خواہ وہ کوئی بھی صنف ہو لڑکا یا لڑکی یا 'تیسری جنس' سب کے بنیادی انسانی حقوق ادا کرنا لازم ہیں۔ اس سے یہ ہوگا کہ بچہ جب بڑا ہوکر معاشرے میں اپنا فعال کردار ادا کرے، تو وہ ہمیشہ صنفی امتیاز سے بالاتر ہوکر سوچے۔

2 غلطی ہونے پر گھبرانا نہیں چاہیے

انسان تو ہے ہی خطا کا پتلا اور جب بات بچے کی ہو تو اس سے بھی بہت سی غلطیاں سرزد ہو سکتی ہیں، ایک ماں کے ذہن میں ہمیشہ یہ بات رہنا چاہیے، لہٰذا غلطی ہو جانے پر بچے کو حوصلہ دیں اور پریشان ہونے سے بچائیں۔ انہیں بتائیں کہ غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے اور یہ غلطی ہی ہے جو ہمیں زندگی میں آگے بڑھنے میں مدد دیتی ہے۔ ایسی راہ نمائی ملنے پر بچے کو پتا ہو گا کہ غلطی بھی زندگی کا ایک رخ ہے، غلطی ہونے سے زندگی ختم نہیں ہوتی، بلکہ کوئی نہ کوئی سبق دیتی ہے۔ جب وہ یہ بات سمجھ لے گا تو وہ کھل کر نئے کام کر سکے گا۔

3 قابلیت 'گریڈ' سے زیادہ اہم ہے!

بعض اوقات والدین کم گریڈ آنے پر بچے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں، کیوں کہ انہیں لگتا ہے کہ بچہ ان کی توقعات پر پورا نہیں اترا، لیکن یہاں ماں اور باپ دونوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ بہت اچھے گریڈ ضروری نہیں ہے کہ بہت اعلیٰ قابلیت کی ہی علامت ہوں، ہمارے امتحانات کے نتائج بعض اوقات ذہین طالب علموں کے بہ جائے تیز حافظے والے بچوں کو آگے کردیتے ہیں، اس لیے یہ یقین دلائیے کہ گریڈ کی اونچ نیچ بھی زندگی کا حصہ ہے۔

4 اپنے بچوں کا دوست بننا

ایک ماں کے لیے اپنے بچے کا دوست بننا ضروری ہے۔ اگر بچے کے ارد گرد دوست موجود ہیں، تو اس کے دوستوں میں آپ کو اپنی جگہ آسانی سے نہیں ملے گی، لہٰذا آپ ان پر اپنی نگرانی مسلط نہ کریں، بلکہ انہیں یہ احساس دلائیں کہ ان کے پیچھے آپ کی حمایت ہے اور وہ ہر معاملے میں آپ پر اعتماد اور بھروسا کر سکتے ہیں، سو آپ ان کے مشکل جذباتی لمحوں میں ایک بہترین دوست بن کر دکھائیں۔

5 بچے کو کھل کر بولنے دیں

کچھ والدین اپنے بچے کی بہ جائے دوسرے بچے کی بات کو زیادہ فوقیت دیتے ہیں یا اپنے بچے کے سامنے دوسرے بچے پر زیادہ اعتبار دکھاتے ہیں، اسی وجہ سے وہ چپ کر جاتا ہے اور والدین سمجھتے ہیں کہ ان کا بچہ ہی غلط ہے۔ یہ رویہ بچے کے مستقبل میں عدم تحفظ کو بڑھاتا ہے، اسے پتا ہے کہ میرے والدین میرے ساتھ نہیں، سو وہ مستقل پریشان رہنے لگتا ہے، یہاں والدین بھی اپنی خامی دور کریں اور بچے کی بات مکمل ہونے سے پہلے اسے خاموش نہ کروائیں ۔ اسے بتائیں کہ تمیز اور تہذیب کے دائرے میں بڑوں کے سامنے اپنی بات کس طرح کی جاتی ہے، اگر آپ سچے ہیں تو آپ ضرور بتائیں۔

6 دوسروں کے دیکھا دیکھی

کچھ نہ کریں

اپنے بچوں میں یہ عادت پیدا کریں کہ وہ لاشعوری طور پر وہ کام نہ کرتے چلے جائیں، جس میں ان کی اپنی پسند شامل نہ ہو،

عموماً بچہ یہ سوچتا ہے کہ دوستوں میں مقبولیت بہت اہم ہے اور اسے حاصل کرنے کی کوشش میں وہ اس حد تک چلے جاتے ہیں جہاں انہیں نقصان ہو سکتا ہے یا وہ پھر خوش نہیں رہ سکتے۔ یہاں بچوں کو سکھائیں کہ دوستوں کے ہر غلط یا خود کے لیے نامناسب فیصلے کو صرف اُن کے ساتھ رہنے کے لیے کبھی قبول نہ کریں، بلکہ دوستوں میں اپنا مسئلہ اور نکتہ نظر ضرور بتائیں، اگر وہ دوست ہوں گے تو آپ کی بات ضرور سمجھیں گے، پھر آپ اپنے لیے بہتر راستے کی طرف بھی گام زن رہیں گے۔ کسی کے ساتھ دینے کے چکر میں خود کا ساتھ نہ چھوڑیں، اپنی خودی کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔

7 سوال کرنے میں حرج نہیں ہے

سوالات پوچھنا غلط عمل نہیں سوال کرنا بچے کا حق ہے، بہ جائے اس کے، کہ آپ کی ڈانٹ کے ڈر سے بچہ دکھاوا کرتا رہے کہ وہ سب کچھ سمجھ گیا ہے، لہٰذا بچوں کے پے در پے سوالات پر ردعمل دکھانے کی بہ جائے پرسکون طریقے سے جواب دینے کی کوشش کریں اور سوال جواب کے اس عمل کو آسان بنائیں ۔

8 'جان ہے تو جہان ہے' کی تعلیم دیں

بچے کو یہ بات بتائیں کہ اگر آپ کی طبیعت اچھی نہیں تو کلاس میں کھڑے ہو کر اپنی ٹیچر کو اپنی کیفیت ضرور بتائیں، اسے بتائیں کہ کلاس اور تعلیم بہت ضروری ہے، لیکن صحت کا خیال رکھنا اس سے بھی پہلے ضروری ہے۔

9 بچوں کو انکار کرنا بھی سکھائیں

انکار کی ایک کیفیت خود سری کی ہوتی ہے، لیکن اس میں توازن ضروری ہے، فرماں برداری کی وہ انتہا بھی غیر مناسب ہوتی ہے، جہاں بچہ انکار کرنا چھوڑ دے اور ایک 'ربورٹ' بن کر رہ جائے، جس سے اس کی شخصیت مسخ ہو کر رہ جائے گی۔ اس لیے بچوں کو سمجھائیں کہ اگر وہ کسی چیز کے ساتھ مطمئن نہیں ہیں، یا کوئی اور مسئلہ درپیش ہے، تو اس چیز کے لیے انکار کرنے سے کترائیں۔

10 غلطی تسلیم کرنا بڑائی ہے

بدقسمتی سے تعلیم یافتہ لوگوں میں بھی بہت کم لوگ ایسے ہیں جو اتنا ظرف رکھتے ہیں کہ کھلے دل سے اپنی غلطی کو تسلیم کریں، سب کے سامنے اعتراف کریں کہ ہاں ان سے بھول ہوگئی تھی یا وہ غلط سمجھ رہے تھے۔ ایک ماں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اوائل عمری میں بچے کو یہ بتائے کہ اپنی غلطی مان لینے سے کوئی چھوٹا نہیں ہوجاتا، بلکہ یہ بڑے پن کی نشانی ہے، اس لیے زندگی میں کبھی بھی یہ محسوس ہو کہ تم غلط سوچ رہے تھے تو اسے ماننے میں کبھی دیر نہ لگانا۔

یہ بچے کی تربیت کے لیے ملحوظ خاطر رکھنے و الے وہ چھوٹے چھوٹے اصول ہیں، جنہیں اپنا کر ایک ماں اپنے بچے کی اچھی شخصیت کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔