آسٹریلیا سے سیریز پاکستان کیلیے کنڈیشنز سے ہم آہنگی کا آخری موقع

آج سے کرکٹ آسٹریلیا الیون کیخلاف 2 روزہ وارم اپ میچ، 1، 2 تبدیلیوں کا امکان


Express News November 15, 2019
آج سے کرکٹ آسٹریلیا الیون کیخلاف 2 روزہ وارم اپ میچ، 1، 2 تبدیلیوں کا امکان۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور کرکٹ آسٹریلیا الیون کے درمیان آج سے 2 روزہ ٹور میچ کھیلا جائے گا جب کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل گرین کیپس کیلیے کنڈیشنز سے مکمل ہم آہنگی کا آخری موقع ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان ٹیم دوسرے اور آخری وارم اپ میچ میں جمعے سے پرتھ میں ہی کرکٹ آسٹریلیا الیون کے مقابل ہوگی، گزشتہ روز گرین کیپس کی کوئی سرگرمی شیڈول نہیں تھی، ٹیم انتظامیہ نے سب کو مکمل آرام کا موقع فراہم کیا۔

آسٹریلیا ''اے'' کیخلاف سہ روزہ میچ ڈے اینڈ نائٹ تھا جوکہ پنک گیند سے کھیلا گیا تھا جبکہ یہ 2 روزہ مقابلہ دن کی روشنی میں روایتی سرخ گیند سے کھیلاجائے گا۔

پاکستانی ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیاں متوقع ہیں، ٹیم انتظامیہ بنچ پر بیٹھے کرکٹرز کو بھی موقع دینا چاہتی ہے تاکہ پہلے ٹیسٹ کیلیے پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دینے کیلیے بہتر فیصلے کیے جاسکیں، انگلی زخمی ہونیکی وجہ سے سہ روزہ پریکٹس میچ میں وکٹ کیپنگ جاری نہ رکھ پانے والے محمد رضوان اب فٹنس مسائل سے نجات پاچکے تاہم ٹیم انتظامیہ انھیں فوری طورپر میدان میں اتار کرکوئی رسک نہیں لینا چاہتی، ان کی عدم موجودگی میں 3روزہ میچ کے دوسرے اور تیسرے دن عابدعلی نے بڑی عمدگی کے ساتھ وکٹوں کے پیچھے ذمہ داریاں نبھائی تھیں، رضوان کو کھیلنے کا موقع دینے سے قبل ایک بار پھر ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیمیں 29نومبر سے ایڈیلیڈ میں ڈے اینڈ نائٹ فارمیٹ میں پنک گیند کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں