شوٹر ارسلان انور عالمی چیمپئن بننے کیلیے پرعزم

انٹرنیشنل پولیس شوٹنگ مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا


Zubair Nazeer Khan November 17, 2019
انٹرنیشنل پولیس شوٹنگ مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

انٹرنیشنل پولیس شوٹنگ مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کردنیا کا تیز ترین شوٹر بننے کا اعزاز حاصل کرنے والے سندھ پولیس کے جوان ارسلان انور نے عالمی چیمپئن بننے کا عزم کرلیا۔

سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے سپاہی ارسلان انور نے تھائی لینڈ میں ہونے والی انٹرنیشنل پولیس شوٹنگ چیمپئن شپ کے پریکٹیکل ایونٹ میں تیس سے زائد ممالک کے پولیس نشانہ بازوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن پائی، جواں عزم ارسلان نے فائنل راؤنڈ میں 6 منٹ 16 سیکنڈز میں 118 ٹارگٹس کو ہٹ کرکے اپنی سبقت ثابت کی۔

مزید براں ارسلان نے 42 ممالک کے 3 سو سے زائد شوٹرز کے درمیان اوپن کیٹگیری مقابلے میں برانز میڈل بھی اپنے نام کیا،ان فتوحات کے بعد ارسلان ایشین پریکٹیکل شوٹنگ کی رینکنگ میں تیسرے اور ورلڈ رینکنگ میں 22 ویں نمبر پر آگئے۔

اعزازت کے حصول کے بعد وطن لوٹنے والے کانسٹیبل ارسلان انور نے ایس ایس یو کے انڈور فائرنگ رینج فائر آرمز ٹریننگ اینڈ ریسرچ سینٹر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی مقابلوں میں عمدہ کارکردگی اور مسلسل پریکٹس کی بدولت اپنی کامیانی کے لیے بہت پر امید تھا، اپنے اعتماد کی وجہ سے کامیابی ملی جبکہ جیت کے بعد بیرون ملک پاکستان کا پرچم بلند ہونے اور قومی ترانہ پیش ہونے پر جذباتی ہوگیا اور آنکھیں پرنم ہوگئیں۔

ارسلان انور کا کہنا ہے کہ پولیس کے افسران خاص طور پر ڈی آئی جی آپریشنز مقصود میمن کی ذاتی کاوش اور تعاون سے فتح نصیب ہوئی، 2017 کے بعد اگلے برس بھی قومی چیمپئن رہنے کے ساتھ ایشیا پولیس کپ جیتنے والے ارسلان انور نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ عالمی شوٹنگ چیمپئن شپ میں شرکت کرکے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتوں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں