اوباما نے نواز شریف کو ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی کرادی

واشنگٹن چند اہم اہداف حاصل کرنے کے بعد ڈرون حملے بند کرنے پر غور کر رہا تھا، عہدیدار


Kamran Yousuf October 25, 2013
واشنگٹن چند اہم اہداف حاصل کرنے کے بعد ڈرون حملے بند کرنے پر غور کر رہا تھا، عہدیدار. فوٹو:فائل

وزیراعظم نواز شریف اور امریکی صدربارک اوباما کی ملاقات کے بعد مشترکہ بیان میں ڈرون حملے بند کرنے کے حوالے سے کوئی ذکر نہیں تھا مگر اندرون خانہ اوباما نے نواز شریف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈرون حملے جلد بند ہوجائیں گے۔

وزیراعظم کے ساتھ دورہ امریکا سے واپس پہنچنے والے اعلیٰ عہدیدار نے 'ایکسپریس ٹریبیون' کو بتایا ہے کہ ڈرون حملوں کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ واشنگٹن چند اہم اہداف حاصل کرنے کے بعد ڈرون حملے بند کرنے پر غور کر رہا تھا، امریکی صدر نے نواز شریف کو بتایا کہ سی آئی اے پہلے ہی قبائلی علاقے میں اہم اہداف کو نشانہ بنا چکی ہے۔ اگرچہ امریکی صدر نے ڈرون حملے بند کرنے کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا تاہم اسلام آباد کا خیال ہے کہ ڈرون حملوں کا بند ہونا اب مہینوں کی بات ہے۔ ایک اور ذریعہ نے بتایا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے نئی حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈرون حملے 2014 کے بعد جاری نہیں رہیں گے۔

حکام کے مطابق اوباما نے نواز شریف سے کہا ہے کہ ڈرون آخری آپشن کے طور پر استعمال ہوگا، سی آئی اے کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ ڈرون حملوں میں شفافیت اور ہائی ویلیو ٹارگٹس کو نشانہ بناتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔'ایکسپریس ٹریبیون' کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ حکومت پاکستان کو طالبان سے مذاکرات کیلیے وقت دینے کیلیے ڈرون حملے عارضی طور پر بند ہوجائیں۔ واپسی پر لندن میں مختصر قیام کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے بھی معاملے کے حل کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوباما سے ملاقات میں پیشرفت ہوئی ہے اور معاملہ کسی حد تک حل ہوگیا ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھی ایک غیرملکی چینل کو انٹریو میں ڈرون حملوں کے بند ہونے کا عندیہ دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں