خوابوں کی تعبیر

خواب مختلف عادات کی طرف بھی اشارہ کرتے ہیں تا کہ آپ خود میں تبدیلی لے کر آئیں


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

TEKNAF, BANGLADESH: دعوت میں شرکت
صائمہ اکرم، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں دعوت پہ آئی ہوئی ہوں اور ان چہروں میں سے کسی کو بھی نہیں جانتی مگر بہت مطمئن انداز میں ایسے گھوم رہی ہوں جیسے میرے گھر کی دعوت ہے۔گھر کچھ کچھ میری نانی کے پرانے گھر سے ملتا ہے۔ مگر کافی بڑا ہوتا ہے۔ میں دیکھتی ہوں کہ ادھر بہت انواع و اقسام کے کھانے سجے ہوئے ہیں اور بیرے انتہائی خوشبودار کھانے لئے ادھر ادھر پھر رہے ہیں اور لوگوں کی پلیٹوں میں ان کی پسند کا کھانا ڈال رہے ہوتے ہیں ۔ میں بھی کچھ کھیر نما چیز ڈالتی ہوں جو کہ انتہائی لذیذ ہوتی ہے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔

تعبیر : بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی و فضل سے جلد ہی کوئی خوشخبری ملے گی اور حلال طریقے سے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ مالی طور پہ مستحکم ہوں گے۔ چاہے کاروباری وسائل ہوں یا نوکری میں آسانی۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو حسب استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

ہاتھی کا حملہ
حماد شاکر، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں بھاگتا جا رہا ہوں اور ایک بہت بڑا کالا سیاہ ہاتھی میرے پیچھے پڑا ہے۔ میں اس سے بچنے کے لئے ببت تیزی سے بھاگ رہا ہوں ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر : خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا کسی کے دھوکے یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے مگر اللہ کی مہربانی سے آپ اس پریشانی سے چھٹکارہ پا لیں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔

بدمزہ کھانا
سائرہ مبشر، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کسی دعوت کی تیاری میں ہوں اور بہت جلدی جلدی کھانا پکا رہی ہوں تا کہ مہمانوں کے آنے سے پہلے ہی فارغ ہو جاوں ۔ جب میں مہمانوں کی آمد کے بعد کھانا میز پر لگاتی ہوں اور سب کھانا شروع کرتے ہیں تو کوئی بھی نہیںکھا پاتا ۔کیونکہ وہ انتہائی بدمزہ اور بدبو دار ہوتا ہے۔ میں یہ دیکھ کر انتہائی پریشان ہو جاتی ہوں کہ اب کیا کروں اورکہاں سے کچھ اور لاوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے ۔گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔

قرآن کی تلاوت کرنا
منزہ ارسلان بیگ، اسلام آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کالج کے آڈیٹوریم میں بیٹھی مقابلہ قرات میں حصہ لینے والی لڑکیوں کو دیکھ رہی ہوں۔ اپنی دوستوں سے کہہ کے میں بھی ٹیچر کے پاس چلی جاتی ہوں کہ مجھے بھی شامل کر لیں ۔ پھر میں خود کو اونچی آواز میں سورہ الم نشرح کی تلاوت کرتے دیکھتی ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔گھریلو و کاروباری معاملات میں دشمن پہ فتح نصیب ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں ۔ کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

پکوان تیار کرنا
صبا اسفندیار، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر کسی دعوت کی تیاری میں مشغول ہوں اور بہت تیزی سے کچن میں کام نبٹا رہی ہوں ۔ اسی دوران پک جانے والے گوشت کو نکال کے تیار کرتی ہوں اور پھر گوشت کے انتہائی دیدہ زیب پارچے کسی ٹرے میں لگا رہی ہوں جو کہ بھنے ہوئے ہیں اور ان میں سے بہت سوندھی سوندھی خوشبو آ رہی ہے۔ یہ دیکھ کر میں بہت خوش ہوتی ہوں

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ علم و ہنر کی دولت آپ کو نصیب ہو گی جس سے دنیاوی طور پر بھی آپ کو فائدہ ہو گا ۔ یعنی مال و وسائل میں بھی برکت ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ تلاوت قرآن پاک کو اپنا معمول بنا لیں۔

فوت افراد کی شادی میں شرکت
سعدیہ محمود ،اسلام آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی رشتے دار کی شادی پہ ہوں، جہاں باقی سارے رشتے دار بھی زرق برق لباس میں ملبوس مٹھائی کے ڈبے ہاتھ میں لئے گھوم رہے ہیں۔ اگلی صبح جب میں اس خواب کے بارے میں سوچ رہی تھی تو اچانک مجھے خیال آیا کہ رات خواب میں ساری خواتین تو وہی تھیں جن کا انتقال ہو چکا ہے۔ تب سے میرے ذھن میں برے برے وہم آ رہے ہیں ۔

تعبیر : آپکا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتی ہے ۔گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔

بزرگ کی مدد کرنا
ذیشان منصور، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں بس میں سوار اپنے شہر جا رہا ہوں، وہاں میری اگلی سیٹ پر کوئی بزرگ آتے ہیں جن کے ساتھ بہت سامان ہوتا ہے۔ میں ان کی مدد کے خیال سے اوپر بنے کمپارٹمنٹ میں رکھ دیتا ہوں ۔ جس پر وہ مجھے بہت دعائیں دیتے ہیں ۔ پھر اذان ہونے پہ وہ زبردستی مجھے اپنے کھانے سے کچھ چیزیں افطار کے لئے پیش کرتے ہیں جو میں ہچکچاہٹ کے باوجود قبول کر لیتا ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں ۔

بیمار ہونا
نسیم افتخار، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی فیملی کے ساتھ سسرال گاوں آئی ہوئی ہوں اور یہاں ہم سب بہت بیمار ہو گئے ہیں ۔ یعنی گھر کے سب افراد بیمار ہیں اور کوئی بھی چل پھر نہیں سکتا ۔ سب بستر پر ہیں۔ یہ دیکھ کر میں خود پریشان ہوتی ہوں کہ ہم سب کو یہ کیا ہو گیا ہے۔ کیونکہ گھر میں کوئی بھی ایسا نہیں ہوتا جو ٹھیک ہو اور باقی لوگوں کی دیکھ بھال کر سکے۔ یہ خواب مجھے بہت پریشان کن لگا ۔ مہربانی فرما کے اس کی تعبیر بتا دیجئے ۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوھر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ لازمی طور پر صدقہ و خیرات بھی کریں۔

کپڑوں پر گندگی
خرم چوہان، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں جانے کے لئے تیار ہو رہا ہوں، جب الماری سے کپڑے نکالتا ہوں تو ان پہ غلاظت لگی ہوتی ہے۔ میں یہ دیکھ کر کافی پریشان ہوتا ہوں، پھر ان کو باہر نکال کر دوسرے نکالتا ہوں تو ان پہ بھی اسی طرح بہت گندگی لگی ہوتی ہے۔ یہ دیکھ کر میں بہت پریشان ہوتا ہوں کہ یہ گندگی کپڑوں کو کہان سے لگ گئی۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی آ سکتی ہے۔کسی کی طرف سے کوئی الزام بھی لگایا جا سکتا ہے۔ جس سے آپ کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے ۔کاروبار میں بھی کمی ہو سکتی ہے۔ اور اس سے مال و وسائل میں کمی آنے کا خدشہ ہو سکتا ہے ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔کچھ صدقہ و خیرات بھی ممکن ہو تو کیا کریں۔

پانی میں ڈوبنا
منیب علی، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میرے گاوں میں سیلاب آ چکا ہے اور ہر طرف پریشانی کا عالم ہے۔ میں جلدی جلدی سامان سمیٹ کے باہر نکلنے کی کوشش کرتا ہوں مگر پانی اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ میں کوشش کے باوجود خود کو بچا نہیں پاتا اور اس میں ڈوب جاتا ہوں۔ اس کے بعد مجھے کچھ یاد نہیں۔

تعبیر : یہ خواب پریشانی کو ظاہر کرتا ہے۔ لگتا ہے کہ جو سیلاب کی تباہ کاریاں آپ نے دیکھیں، ان کے اثرات ابھی تک ذھن میں نقش ہیں ۔ سونے کے بعد لاشعور حرکت میں آ جاتا ہے اور کیفیت خواب کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

کھیتوں میں فصل کٹوانا
غلام حسین، گوجرانوالہ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کھیتوں میں فصل کٹوا رہا ہوں اور بہت زیادہ خوش ہو رہا ہوں کیونکہ اللہ کے فضل سے اس مرتبہ بہت اچھی فصل اتری ہے۔ اس کے ساتھ دل میں منصوبے بنا رہا ہوتا ہوں کہ کیسے میں اس دفعہ ان پیسوں کو خرچ کروں گا ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو رزق حلال ملے گا ۔ حلال کھانے والے کو ذھنی سکون ملتا ہے۔ آپ کے کاروبار میں انشاء اللہ برکت ہو گی جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں ۔

آڑو کھانا
ندیم حسین، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دفتر میں بیٹھا ہوں اور میرا ایک ساتھی سب کے لئے آڑو لے کر آتا ہے۔ وہ بہت ہیی لذیذ ہوتے ہیں اور ہم سب ساتھی بہت مزے سے کھاتے ہیں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالی فرزند کی نعمت سے نوازیں۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

کپڑوں سے بدبو آنا
مریم نسیم، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں امتحانوں کے بعد اپنی الماری ٹھیک کرنے کی غرض سے کھولتی ہوں اور حیران ہوتی ہوں کہ سب کپڑوں سے شدید بو آ رہی ہوتی ہے۔

تعبیر : یہ خواب اللہ نہ کرے کسی پریشانی کی طرف اشارہ کر رہا ہے۔ یہ کاروباری بھی ہو سکتی ہے اور تعلیمی یا گھریلو بھی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے استغفار کیا کریں، محفل مراقبہ میں بھی آپ کے لئے دعا کرا دی جائے گی۔

سفر کی تیاری
مقصود رحمان، اسلام آباد

خواب : مین نے خواب دیکھا کہ میں کہیں جانے کے لئے تیار ہو رہا ہوں اور اسی دوران میرے والد کمرے میں داخل ہوتے ہیں اور مججے کچھ نصیحتیں کرنا شروع کر دیتے ہیں پھر وہ مجھے گلے لگا کر پیار کرتے ہیں ۔ براہ کرم اس کی تعبیر بتا دیجئے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہر طرح کی پریشانی دور ہو گی۔ آپکے کاروبار اور وسائل میں برکت ہو گی۔ حالات کی بہتری کی طرف اشارہ ملتا ہے ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا شکور یا اللہ کا ورد کیا کریں ۔

تنگ جوتا
نواز کریم، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی فنکشن میں جانے کے لئے تیار ہو رہا ہوں اور ساری فیملی میرا انتظار کر رہی ہے۔ میں تیزی سے تیار ہو کر باہر کی جانب جاتا ہوں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میرا جوتا بہت زیادہ تنگ ہے اور مجھے کاٹ رہا ہے جس کی وجہ سے مجھ سے چلنا پھرنا مشکل لگ رہا ہے۔ مگر میں نظر انداز کر کے گاڑی میں بیٹھ جاتا ہوں۔ شادی ہال پہنچ کے مجھ سے دو قدم بھی نہیں چلا جاتا اور میں وہیں پارکنگ سے واپس گھر چل پڑتا ہوں کہ بدل کے آئوں گا ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے۔گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ یاحی یا قیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔

بس میں مفید گفتگو
احمد فواد رضا، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر جانے کے لئے بس میں سوار ہوتا ہوں ۔ میرے ساتھ سفر میں کوئی مولانا صاحب ہوتے ہیں جو کہ بہت اچھی گفتگو کر رہے ہوتے ہیں۔ میں اور میرے آس پاس کے مسافر ان کی گفتگو بہت غور اور دلچسپی سے سن رہے ہوتے ہیں۔ بس سے اتر کر میں خوشی محسوس کرتا ہوں کہ کتنی اچھی گفتگو رہی ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔

شادی ہوتے دیکھنا
نمرہ بخاری، اسلام آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری شادی ہو رہی ہے۔ سارے گھر میں خوب رونق لگی ہے اور سارے رشتے دار جمع ہیں۔ میرے ابو مولوی صاحب کے ساتھ نکاح کیلئے اندر آتے ہیں ۔ میں خود کو بہت خوش محسوس کر رہی ہوتی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر: اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں۔

گندے پانی میں کشتی
اقراء سعدیہ،لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں جا رہی ہوں، نہر کے کنارے دیکھتی ہوں کہ نہر میں گندا پانی ہوتا ھے۔ یعنی مٹی نما پانی گدلا سا۔ میری کزن مجھے کہتی ہے کہ آو اس میں کشتی چلائیں تو میں حیران ہو کر پوچھتی ہوں کہ بھلا اس میں کوئی کیسے کشتی چلا سکتا ھے ، مگر وہ مانتی نہیں۔کشتی میں بیٹھنے کے بعد میں بہت خوفزدہ ہوتی ہوں اور گھبراہٹ کے مارے سانس روک کے بیٹھی رہتی ہوں۔

تعبیر: خواب مختلف عادات کی طرف بھی اشارہ کرتے ہیں تا کہ آپ خود میں تبدیلی لے کر آئیں ۔ یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری کو ذہن سے نکال کر اللہ کی طرف دھیان لگائیں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔