اونچی ہیلزجان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں

اونچی ایڑی کی سینڈلوں نے خواتین کو جان کے خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔


غزالہ عامر November 02, 2013
کبھی کبھی شوق منہگا بھی پڑجاتا ہے، یہاں تک کہ جان سے جانے کا خطرہ بھی پیدا ہوجاتا ہے۔ فوٹو: فائل

GENEVA: خواتین کی بڑی تعداد اونچی ایڑی کی سینڈلیں شوق سے پہنتی ہے۔ بعض خواتین کو اس نوع کی سینڈلیں اتنی پسند ہوتی ہیں کہ موقع چاہے کوئی بھی ہو ان کے پاؤں میں '' ہائی ہیلز'' ہی نظر آتی ہیں۔

مگر کبھی کبھی یہ شوق بلکہ جنون منہگا بھی پڑجاتا ہے، یہاں تک کہ جان سے جانے کا خطرہ بھی پیدا ہوجاتا ہے۔ کچھ ایساہی برطانیہ کی کاؤنٹی ناٹنگھم شائر کی رہائشی الزبتھ کے ساتھ ہوا۔ ویسے تو الزبتھ چالیس کے پیٹے میں ہے، مگر فیشن کے معاملے میں اسے نوجوان لڑکیوں سے پیچھے رہنا بالکل پسند نہیں۔

43 سالہ الزبتھ کو اونچی ایڑی کی سینڈلیں پہننے کا جنون ہے۔ یوں تو وہ لباس کے انتخاب میں بھی جدید ترین فیشن کو مدنظر رکھتی ہے مگر پاؤں کی زیبائش کی بات ہو تو اس کی ترجیح اونچی ایڑی کی سینڈلیں ہی ہوتی ہیں۔



رواں برس فروری میں برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں تھا۔ پارے کی سطح صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے تھی اور ملک کے بیشتر علاقے برف کی سفید چادر سے ڈھکے ہوئے تھے۔ ایسے میں ناٹنگھم شائر کے رہائشی قریب ہی واقع Attenborough Nature Reserve میں سیروتفریح کے لیے چلے جاتے تھے۔ ایک روز الزبتھ نے بھی مذکورہ تفریح گاہ کا رُخ کیا، لیکن اس موقع پر بھی اس کے پیروں میں گرم جوتوں کے بجائے اونچی ہیل والی سینڈلیں تھیں۔ Attenborough Nature Reserve میں ایک جھیل بھی موجود ہے۔ اُن دنوں چوں کہ درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے بھی نیچے گرگیا تھا لہٰذا یہ جھیل برف کے وسیع ذخیرے میں تبدیل ہوگئی تھی جس کی سطح پر لوگ چہل قدمی کرکے لطف اٹھارہے تھے۔

تفریح گاہ میں داخل ہوکر الزبتھ نے بھی جھیل کی سطح پر چہل قدمی کا لطف اٹھانے کا قصد کیا۔ ابھی منجمد پانی پر وہ چند ہی قدم چلی تھی کہ اونچی ایڑی کا نوک دار سرا برف کی تہہ میں دھنس گیا، جس کے نتیجے میں برف کی پرت میں دراڑ نمودار ہوئی اور الزبتھ دھڑام سے برفیلے پانی میں جاگری۔ یہ تمام عمل چند ہی سیکنڈ میں مکمل ہوگیا تھا۔



الزبتھ کی خوش قسمتی کہ قریب ہی ایک فائرمین این اولڈھم موجود تھا۔ 43 سالہ این اولڈھم نے جیسے ہی ایک عورت کو برف کی تہہ میں غائب ہوتے دیکھا تو وہ دوڑ کر قریب آیا اور انتہائی سرد پانی میں ڈوبتی ابھرتی الزبتھ کا ہاتھ پکڑ کر بہ دقت تمام باہر کھینچ لیا۔

فوراً ہی دیگر لوگوں کی مدد سے الزبتھ کو قریب ہی واقع طبی امداد کے مرکز میں لے جایا گیا۔ جان بچ جانے پر الزبتھ نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ اونچی ایڑی کی سینڈلیں پہننے میں احتیاط سے کام لے گی۔ دوسری جانب این اولڈھم کو بہادری کا مظاہرہ کرنے پر '' ناٹنگھم شائر فائر سروس'' کی جانب سے ایوارڈ دیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں