ٹی 20کرکٹ پاکستان کیلیے سال 2019 ڈراؤنا خواب ثابت

10میں سے صرف ایک میچ جیتا،8 میں ناکامی، ایک غیر فیصلہ کن،رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن برقرار


Mian Asghar Saleemi December 22, 2019
بابرکے 374رنز، عامر اورعماد کی 7،7وکٹیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان کیلیے ٹوئنٹی20 کرکٹ میں 2019 ڈراؤنا خواب ثابت ہوا، ٹیم10میں سے صرف ایک میچ جیت سکی۔

ٹوئنٹی20 کرکٹ میں پہلی پوزیشن پر براجمان پاکستانی ٹیم رواں برس خاص کارکردگی نہ دکھا سکی، جنوبی افریقہ، انگلینڈاور آسٹریلیا کے بعد اسے سری لنکن کی ناتجربہ کار ٹیم سے ہوم گراؤنڈ پر بھی شکست ہو گئی۔

گرین شرٹس نے سال کا آغاز ہی ناکامی سے کیا، ٹیم دورئہ جنوبی افریقہ کے دوران یکم فروری کو کیپ ٹاؤن میں میزبان سائیڈ کے خلاف تین میچزکی سیریز کا پہلا میچ 6 رنز سے ہار گئی۔

جوہانسبرگ میں دوسری بار شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم6 فروری کو سینچورین میں 27 رنز سے فتح نصیب ہو گئی،بعد ازاں یہ سال کی واحد کامیابی بھی ثابت ہوئی،5 مئی کو پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کارڈف میں میچ 7 وکٹ سے ہار گئی،اکتوبر میں سری لنکا سے لاہور میں منعقدہ تینوں مقابلوں میں ناکامیوں کا سامناکرنا پڑا، ان شکستوں کی پاداش میں سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹا کر بابر اعظم کو ذمہ داری سونپی گئی لیکن وہ بھی شکستوں کے سفر کو نہ روک سکے۔

پاکستانی ٹیم نے نومبر میں آسٹریلیا کا دورہ کیا، 3 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلا میچ کا فیصلہ بارش کی وجہ سے نہ ہو سکا، بعد ازاں کینبرا اور پرتھ میں منعقدہ دونوں میچوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کی طرف سے سب سے کامیاب بیٹسمین بابر اعظم نے4 نصف سنچریوں کی مدد سے 374 رنز بنائے، ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 90 رہا، افتخار احمد150 رنز کے ساتھ دوسرے اور عماد وسیم121 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے، سرفراز احمد 4 میچوں میں صرف 67 رنز ہی بنا سکے، عماد وسیم نے10 جبکہ محمد عامر نے7 میچوں میں سات وکٹیں لیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں