ریکارڈ بک عابد علی اور شان مسعود نے صفحات الٹ پلٹ دیے

سری لنکا کیخلاف 278 رنزپاکستان کیلیے دوسری بڑی اوپننگ پارٹنر شپ


Numainda Khususi December 22, 2019
عابد علی ابتدائی 3 اننگز میں 321 رنز بنا کر جاوید میانداد کو پیچھے چھوڑ گئے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی ٹیسٹ میں عابد علی اور شان مسعود نے ریکارڈ بک کے صفحات الٹ پلٹ دیے، میچ کی تیسری اننگز میں تاریخ کی دوسری بڑی شراکت قائم ہوئی جب کہ پاکستان کیلیے دوسری بڑی اوپننگ پارٹنر شپ کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا۔

کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز عابد علی اور شان مسعود نے 278رنز جوڑے،یہ میچ کی تیسری اننگز میں دنیا کی کسی بھی اوپننگ جوڑی کی دوسری بڑی شراکت ہے، اس سے قبل بنگلہ دیشی امرالقیس اور تمیم اقبال نے کھلنا ٹیسٹ 2015میں پاکستان کیخلاف 312رنز جوڑے تھے، یہ دوسری اننگز میں کسی بھی وکٹ کیلیے پاکستان کی سب سے بڑی شراکت کا نیا ریکارڈ بھی ہے، اس سے قبل جنوری 2006کے فیصل آباد ٹیسٹ میں یونس خان اور محمد یوسف نے بھارت کیخلاف تیسری وکٹ کیلیے 242رنز کا اضافہ کیا تھا۔

عابد علی اور شان مسعود نے پاکستانی تاریخ میں دوسری اننگز کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا ریکارڈ بھی بنایا، اس سے قبل صرف ایک بار دسمبر 2000میں کھیلے جانے والے برج ٹاؤن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اوپنرز عمران نذیر اور محمد وسیم نے ڈبل سنچری اسٹینڈ فراہم کیا تھا،دونوں نے 219رنز جوڑے تھے۔

عابد علی اور شان مسعود پاکستان کیلیے مجموعی طور پر تاریخ کی دوسری بڑی شراکت قائم کرنے والے اوپنرز کے طور پر بھی اپنا نام درج کرانے میں کامیاب ہوئے ہیں،اس سے قبل دسمبر 1997میں فیصل آباد میں کھیلے جانے والے میچ میں عامر سہیل اور اعجاز احمد نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 298رنز جوڑے تھے،اگست 2001 میں بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ کے بعد پہلی باردونوں پاکستانی اوپنرز نے کسی اننگز میں سنچریاں بنائی ہیں،اس وقت سعید انور 101اور توفیق عمر104کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے تھے۔

پاکستان کی سری لنکا کیخلاف سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا ریکارڈ بھی بن گیا، اس سے قبل مارچ 1999میں کھیلے جانے والے لاہور ٹیسٹ میں شاہد آفریدی اور وجاہت اللہ واسطی نے آئی لینڈرز کیخلاف 156رنز بنائے تھے، کیریئر کی پہلی 3اننگز میں سب سے زیادہ رنز جوڑنے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں عابد علی(321) نے تیسری پوزیشن پر جگہ بنائی ہے۔

اس سے قبل ٹپ فوسٹر355، لارنس روے336 رنز جوڑنے میں کامیاب ہوئے تھے،کیرون نائر 320رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔عابد علی نے پاکستان کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے،اس سے قبل جاوید میانداد نے کیریئر کی ابتدائی 3اننگز میں ہی 318رنز جوڑ کر دھوم مچائی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں