نسیم شاہ کو انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت سے روک دیا گیا

سینئر ٹیم کیلیے ٹریننگ جاری رکھیں گے، جونیئر ٹیم میں خالی جگہ وسیم کو مل گئی


Express News January 01, 2020
سینئر ٹیم کیلیے ٹریننگ جاری رکھیں گے، جونیئر ٹیم میں خالی جگہ وسیم کو مل گئی فوٹو:فائل

چیف سلیکٹر مصباح الحق کی سلیکشن کمیٹی نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو انڈر19 ورلڈکپ میں شرکت سے روک دیا، وہ بدھ سے شروع ہونے والے انڈر19 ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوسرے مرحلے میں شریک نہیں ہوں گے۔

نسیم شاہ کی جگہ ریزور پلیئرز کی فہرست میں شامل محمد وسیم خان کو اسکواڈ کا حصہ بنالیاگیا، پی سی بی ترجمان نے نسیم شاہ کے انڈر 19 ٹیم کے کیمپ میں رپورٹ نہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔

بورڈ حکام کے مطابق بنگلادیش کے خلاف سیریز کے پیش نظر نوجوان پیسر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنی ٹریننگ جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انڈر19ٹیم کے ہیڈکوچ اعجاز احمد نسیم شاہ کو ورلڈکپ میں کھلانے کے حق میں تھے، ان کا موقف تھاکہ فاسٹ بولر کو کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی کی صورت میں ہی پلینگ الیون کا حصہ بنائیں گے جس سے ان پر بولنگ کا زیادہ بوجھ نہیں پڑے گا۔

دوسری جانب چیف سلیکٹر مصباح الحق اینڈ کمپنی کے خیال میں نسیم شاہ پر کام کا زیادہ دباؤ ان کے فٹنس مسائل میں اضافہ کرسکتاہے۔انڈر19 ورلڈکپ 17جنوری سے 9فروری تک جنوبی افریقہ میں شیڈول ہے، پانچ روز کی تعطیلات کے بعد کیمپ کے دوسرے مرحلے کے لیے نوجوان کرکٹرز نے منگل کی شام رپورٹ کردی، قومی ٹیم کی جنوبی افریقہ روانگی 10 جنوری کو طے ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں