آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ پاکستان بدستور تیسرے نمبر پر

ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت پہلے جب کہ آسٹریلیا کا دوسرا نمبر ہے


/Mian Asghar Saleemi January 06, 2020
ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت پہلے جب کہ آسٹریلیا کا دوسرا نمبر ہے۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی نے ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق بھارت بدستور پہلے، آسٹریلیا دوسرے جب کہ پاکستان تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لئے ٹیموں کے درمیان پوائنٹس کی جنگ جاری ہے، بھارت 360 کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہے، بھارتی ٹیم نے 3 سیریز میں مجموعی طور پر7 میچز کھیلے اور سب میں کامیابی حاصل کی۔

آسٹریلیا کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں جیت کا صلہ مل گیا ہے اوروہ 296 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، کینگروز نے بھی 3 سیریز میں 10 میچز کھیلے، 7 میں کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور 2 میچوں میں اسے شکست بھی ہوئی۔

پاکستان کا 80 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے، گرین کیپس نے 2 سیریز میں 4 میچز کھیلے، سری لنکا کو کراچی ٹیسٹ میں زیر کیا، ایک مقابلہ ڈرا رہا جب کہ 2 میچوں میں اسے شکستوں کا سامنا رہا۔ سری لنکا کے بھی 80 پوائنٹس ہیں تاہم پاکستان سے ایوریج میں کمی کے باعث اس کا چوتھا نمبر ہے، آئی لینڈرز نے 2سیریز میں 4میچز کھیل کر ایک میں کامیابی حاصل کی، ایک ڈرا رہا جب کہ 2 مقابلوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

نیوزی لینڈ 60 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے، کیویز نے 2 سیریز کے دوران 5 میچز کھیل کر ایک میں کامیابی حاصل کی جب کہ 4 میچوں میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، انگلینڈ 56 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے، انگلش سائیڈ نے 2 سیریز میں 6 میچز میں حصہ لے کر 2 میچوں میں کامیابی حاصل کی، 3 میں شکست کا سامنا رہا جب کہ ایک میچ برابر رہا۔

جنوبی افریقا 30 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے، ساﺅتھ افریقا نے 2 سیریز کے 4 میچوں میں سے ایک میں کامیابی حاصل کی، 3 میں اسے شکست کا سامنا رہا۔ ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش کی ٹیموں نے ایک، ایک میچز کھیلے ہیں، دونوں ٹیموں کو شکستوں کا سامنا رہا اور پوائنٹس ٹیبل میں بغیر کسی پوائنٹ کے بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں