سعودی عرب احتجاج پزیر غیر قانونی تارکین وطن پر پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک

سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کی رجسٹریشن کے لئے دی گئی چھوٹ کی مدت پیر کے روز ختم ہوگئی تھی۔


Reuters November 10, 2013
سعودی پولیس نے مشتعل افراد پر قابو پانے کیلئے فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 68 زخمی ہو گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی رجسٹریشن کے لئے دی گئی چھوٹ کی مدت ختم ہونے کے بعد ان کے خلاف جاری کارروائی کے دوران احتجاج پزیر افراد پر پولیس کے تشدد اور فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے جنوب میں واقع علاقے منفوحہ میں غیر قانونی تارکین وطن کی رجسٹریشن کے لئے دی گئی چھوٹ میں مزید توسیع نہ کئے جانے کے خلاف ہفتہ کو تارکین وطن نےاحتجاجی ریلی نکالی کہ اس دوران کچھ افراد نے گاڑیوں اور سرکاری املاک پر پتھراؤ کیا اور ہاتھوں میں چھریاں لے کر معصوم افراد پر حملہ کیا جس پر سعودی پولیس نے مشتعل افراد پر قابو پانے کے لئے فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 68 زخمی ہو گئے جب کہ 561 افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ احتجاج کرنے والے افراد میں زیادہ تر کا تعلق افریقا سے تھا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کی رجسٹریشن کے لئے دی گئی چھوٹ کی مدت پیر کے روز ختم ہوگئی تھی جس کے بعد سے پولیس اب تک ہزاروں افراد کو حراست میں لے چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں