فوج نے عوام کے دل جیت لیے الطاف حسین جماعت اسلامی کیخلاف کارروائی کی جائے بلاول خورشید شاہ زاہد خان

بیان باعث شرم ہے، جماعت پر پابندی لگائی جائے، زاہدخان، حکیم اللہ کو شہید قرار دینا غداری ہے، چیئرمین سنی اتحاد کونسل


سیاسی رہنماؤں نے امیر جماعت اسلامی منور حسن کے پاک فوج کے شہدا اور طالبان سے متعلق بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ۔فوٹو:فائل

WASHINGTON/ ISLAMABAD: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اس بیان کا زبردست خیرمقدم کیا ہے جس میں انھوں نے پاک فوج کے بارے میں امیرجماعت اسلامی منورحسن کے غیرذمے دارانہ بیان کی شدیدمذمت کی ہے ۔

انھوں نے کہاکہ منورحسن نے مسلح افواج، پولیس اورسیکوریٹی فورسزکے افسروں جوانوں اور ہزاروں پاکستانی شہریوں کے سفاک قاتل اورمساجد، امام بارگاہوں، بزرگان دین کے مزارات، دیگرمذاہب کی عبادت گاہوں، اسکولوں، مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو، آرمی، نیوی، فضائیہ کی حساس تنصیبات، حساس اداروں کے دفاتر اوردیگراہم مقامات پر بم دھماکوں کے ذمے دارحکیم اللہ محسود کو شہید قرار دیا تھاجبکہ پاکستان کی سلامتی کیلیے اپنی جا نیں قربان کرنے والے مسلح افواج کے افسروں اورجوانوں کی قربانیوں کی توہین کی تھی۔ مسلح افواج نے منور حسن کے اس غیرذمے دارانہ اورملک دشمن بیان کی واضح الفاظ میں مذمت کرکے نہ صرف پاکستان کے 18 کروڑ عوام کے دلی جذبات کی ترجمانی کی ہے بلکہ ان میں نئی ہمت، حوصلہ اورجرات پیدا کی ہے۔ انھوں نے کہاکہ فوج کے ترجمان نے منور حسن کے مذموم بیان پر واضح مؤقف اختیارکرکے18کروڑ پاکستانیوں کے دل جیت لیے ہیں اورثابت کردیاہے کہ ملکی سلامتی اوربقاء پر مامور ادارے، ملکی سلامتی اورعوام کی جان ومال کے تحفظ کیلیے ماضی کی طرح جرات وہمت کے ساتھ دشمنان پاکستان کامردانہ وارمقابلہ کرنے کیلیے تیارہیں۔

الطاف حسین نے دہشت گردوں کے ہاتھوں شہیدہونے والے مسلح افواج کے افسروں اورجوانوں کے لواحقین سے ایک مرتبہ پھردلی ہمدردی اوریکجہتی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ میں پاک فوج کے تمام جرنیلوں ، افسران اورجوانوں کو یقین دلاتاہوں کہ ہرکڑے اورمشکل وقت میں ملک کے 18کروڑعوام آپ کے شانہ بشانہ ہوں گے۔علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کوہدایت کی ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کیلیے امیدواروں کاچناؤدوستی،رشتے داری اوراقرباپروری کے بجائے خالصتاً میرٹ کی بنیادپر کرے۔ نائن زیروپررابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطا ف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم غریب و متوسط طبقہ سے جنم لینے والی تحریک ہے جس نے روزاول سے ہی میرٹ اورصلاحیت کوترجیح دی ہے،ایم کیوایم نے1987کے بلدیاتی انتخابات سے لے کرآج تک جتنے بھی انتخابات میں حصہ لیاہے اس میں ہمیشہ میرٹ کی بنیادپرہی امیدواروں کا چناؤ کیا ہے، وفاشعاراورمخلص کارکنان ہی تحریک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جنھوں نے ہرکڑے اورمشکل وقت میں تحریک کے مشن ومقصدکیلیے آگے بڑھ کرقربانیاں دیں لہٰذا ہمیں تحریک کیلیے قربانیاں دینے والے کارکنان کوفراموش نہیں کرنا چاہیے۔



سیاسی رہنمائوں نے امیر جماعت اسلامی منور حسن کے پاک فوج کے شہدا اور طالبان سے متعلق بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرپرسن بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ منورحسن کا بیان قابل مذمت ہے ٹویٹر پیغام میں بلاول بھٹو نے اس بات کی بھی مذمت کی کہ اب تک منور حسن کے بیان کا چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے نوٹس کیوں نہیں لیا؟ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ ہزاروں شہید فوجیوں کو شہید نہ کہنا افسوسناک بیان ہے۔ پاک فوج سرحدوں اور عوام کی حفاظت کیلیے جانیں قربان کر رہی ہے، منور حسن بتائیں کہ دھماکوں میں مرنے والے شہید ہیں یا نہیں ؟۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف طالبان کے سیاسی ونگ ہیں، نجی ٹی وی سے گفتگو میں منور حسن کا بیان ملک کے ساتھ غداری ہے ان پرغداری کا مقدمہ درج کیا جائے اور جماعت اسلامی پر پابندی عائد کی جائے، چیف جسٹس آف پاکستان بھی سوموٹو ایکشن لیں۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئر مین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ منور حسن نے حکیم اللہ محسود کو شہید قرار دے کر پاکستان سے غداری کی۔ فوج پاکستان کا تحفظ کر رہی ہے۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنما ذوالفقار کھوسہ نے کہا ہے کہ جنازوں پر حملے کرنے والوں کو شہید کیسے کہا جا سکتا ہے ۔ جو ملک کے دفاع میں اپنی جان دے رہا ہے، اس کے بارے میں اس طرح کا بیان دینا انتہائی زیادتی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہاہے کہ حکیم اللہ محسود شہید نہیں، منور حسن نے جذبات میں آکر بیان دیا۔ جب فضل الرحمٰن نے کتے کو شہید کہا تو اس پر پاک فوج کا رد عمل سامنے نہیں آیا۔ جنرل (ر) حمید گل نے کہا کہ منور حسن کا بیان ذاتی لگتا ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ پاک فوج کا ساتھ دیا ہے۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے چیف جسٹس سے سیدمنورحسن کے بیان پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ جماعت اسلامی فوج اور ملک کے دشمنوں کی حمایت کر رہی ہے۔ امیرجماعت اسلامی کا بیان ملک اور آئین سے بغاوت ہے، ہم حالت جنگ میں ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی طرف سے دشمن کی حمایت برداشت نہیں کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں