آٹا بحران لوگ نومبر اور دسمبر میں زیادہ روٹیاں کھاتے ہیں شیخ رشید

عوام 3 سال کا وقت دیں مہنگائی پر قابو پالیں گے، وزیر ریلوے


Bilal Ghori/ January 18, 2020
شہبازشریف اور مریم نوازکےخلاف سنجیدہ کیسز آنے والے ہیں،شیخ رشید فوٹو: فائل

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گیس نہیں ہے اور آٹا بھی مہنگا ہے لیکن عمران خان کے علاوہ آپشن نہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف جس کام کے لیے لندن گئے ہیں انہیں وہ کرنے دیں، مریم نواز اور شہباز شریف کے خلاف سنجیدہ کیسز آنے والے ہیں، شہبازشریف میری پارٹی کے آدمی ہیں جب میں کہوں تب ہی واپس آئیں اور اگر وہ واپس آنا چاہتے ہیں تو اسلام علیکم۔ یہ سارے لوگ سوچ سمجھ کر ہی باہر گئے ہیں، میں نے کہا تھا کہ تابوت بھی یہیں سے نکلے گا اور ثبوت بھی، نواز شریف نہیں آرہے اور مریم نواز فی الحال اپنے والد کے پاس نہیں جارہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بہت ساری افواہیں چل رہی ہیں لیکن کچھ نہیں ہوگا، پہلے ہی کہا تھا کہ آرمی ایکٹ سے متعلق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) تعاون کرے گی، نیب آرڈیننس پر بھی پردے کے پیچھے تعاون جاری ہے، امید ہے الیکشن کمشنر کے معاملہ بھی اتفاق رائے سے حل ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ میں عمران خان کا اتحادی ہوں پی ٹی آئی کا ترجمان نہیں، جب تک عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ ہیں میں بھی ساتھ ہوں، فواد چوہدری بڑے آدمی میں ہیں، ان میں ہمت ہے اسی لیے انہوں نے سب کے سامنے یہ بات کہہ دی۔

مہنگائی اور آٹے کے بحران پر وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف ایک مجبوری ہے، گیس نہیں ہے اور آٹا بھی مہنگا ہے لیکن عمران خان کے علاوہ آپشن نہیں، عمران خان کے علاوہ کوئی متبادل نہیں، مہنگائی ختم کرنے کے لیے ہمیں 3 سال کا وقت دیں جن میں سے ڈیڑھ برس گزر گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں