بلند حوصلہ انگلینڈ کے سامنے پروٹیز نے ہتھیار ڈال دیے

مہمان ٹیم کی اننگز اور 53 رنزسے فتح،کیشو مہاراج نے 71 کی اننگز کھیلی


AFP January 21, 2020
مہمان ٹیم کی اننگز اور 53 رنزسے فتح،کیشو مہاراج نے 71 کی اننگز کھیلی

بلند حوصلہ انگلینڈ کے سامنے پروٹیز نے پھر ہتھیار ڈال دیے، تیسرے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے اننگز اور 53 رنز کی فتح سے 4 میچز کی سیریز میں 2-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

پانچویں روز کے آغاز پر انگلینڈ کو فتح کیلیے مزید 4 وکٹوں کی ضرورت تھی، اسٹورٹ براڈ کی تیسری ہی گیند پر ورنون فلینڈر مڈوکٹ پر اولی پاپ کا کیچ بن گئے، انھوں نے 13 رنز بنائے، کاگیسوربادا (16) کو ووڈ نے براڈ کی مدد سے قابو کیا، اینرچ نورٹیج 5 رنز بناکرڈوم بیس کی وکٹ بن گئے۔

اس موقع پر غیرمتوقع طور پر انگلینڈ کو کیشیو مہاراج اور ڈین پیٹرسن کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، دونوں نے کامیابی کیلیے مہمان ٹیم کو لنچ تک کا انتظار کرایا، آخری وکٹ کیلیے 99 رنز کی شراکت کااختتام سام کیورن کی جانب سے کیشو مہاراج کو ڈائریکٹ ہٹ پررن آؤٹ کرنے سے ہوا، انھوں نے 71 رنز بنائے جبکہ ڈین پیٹرسن 39 رنز پر ناٹ آؤٹ ہوگئے، فالو آن کا شکار ہونے والی جنوبی افریقی ٹیم کی دوسری اننگز 237 رنز پر تمام ہوئی۔

انگلش کپتان مارک ووڈ گذشتہ روز کی اپنی 4 وکٹوں میں مزید کوئی اضافہ نہیں کر پائے، مہاراج نے انھیں ایک ہی اوور میں 3 چوکے اور 2 چھکے جڑے جبکہ 4 بائی کے رنز بنے، اس طرح یہ اوور انگلش ٹیم کو 28 رنز کا پڑا۔

اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے 1999-2000 سے جنوبی افریقہ میں سیریز نہ ہارنے کا اعزاز برقرار رکھا ہے،آخری مرتبہ ناصر حسین کی زیر قیادت ٹیم کو ہنسی کرونیے سائیڈ نے مات دی تھی، سیریز کا چوتھا اور آخری میچ جمعے سے جوہانسبرگ میں شروع ہونا ہے،اس میں جنوبی افریقہ کو سیریز برابر کرنے کا مشکل چیلنج درپیش ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔