بدین معروف ڈینٹل سرجن اور جیالے کو10لاکھ روپے بھتے کی پرچی

عدم ادائیگی پرسنگین نتائج کی دھمکیاں،ڈاکٹرسلطان مغل کوملزمان مریض دکھانےکےبہانےگھر لے گئے، تشدد کے بعد بھتے کی پرچی دی


Express News Desk November 13, 2013
پولیس با اثر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرنے سے گریزاں ہے، فوٹو:فائل

پیپلز لیبر بیورو حیدرآباد ڈویژن کے نائب صدر اور ٹنڈو محمد خان کے معروف ڈینٹل سرجن ڈاکٹر سلطان مغل کو بھی بھتہ خوروں نے 10 لاکھ روپے کی پرچی دیتے ہوئے عدم ادائیگی پر سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

ڈاکٹر سلطان مغل نے بدین میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گزشتہ ہفتے ٹنڈومحمد خان میں ان کے کلینک پر ابوبکر نوناری، فاروق بھٹی، اقبال حاجیانو نامی افراد آئے اور مریض دکھانے کے بہانے فاروق بھٹی جو کہ ریونیو ملازم ہے کے گھر پر لے گئے، جہاں ان افراد نے مجھے تشدد کا نشانہ بنا کر 10 لاکھ روپے بھتہ دینے کی پرچی تھما دی اور نہ دینے کی صورت میں قتل کی دھمکیاں دیں۔ ڈاکٹر سلطان کے مطابق اس سلسلے میں جب وہ مقدمہ درج کرانے تھانے پہنچے تو پولیس نے بھتہ خوروں کے نام سننے کے بعد انہیں صرف دلاسے دے کر واپس بھیج دیا اور رپورٹ درج نہیں کی۔



انہوں نے کہا کہ وہ پی پی ضلع ٹنڈو محمد خان کے صدر کے ہمراہ بھی ایف آئی درج کرانے تھانے گئے لیکن پولیس بھتہ خوروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھتہ دینے کے لیے انہیں یرغمال بنانے اور تشدد کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار اور انہیں اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ قبل ازیں پیپلز لیبر بیورو بدین کے رہنما غلام حسین انصاری کے ہمراہ درجنوں افراد نے ڈاکٹر سلطان مغل کو بھتے کی پرچی ملنے کے خلاف بدین پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی اور ڈاکٹر سلطان کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔