چیئرمین پی سی بی کے خلاف سینیٹ میں تحریک استحقاق لانے کی تیاریاں

احسان مانی کی یقین دہانی کے باوجود عدم حاضری پر سینیٹ کمیٹی برہم


شبیر حسین January 22, 2020
احسان مانی کمیٹی کو سنجیدہ نہیں لیتے اور اوپر سے سفارشیں کروا رہے ہیں، چیئرمین سینیٹ کمیٹی ۔ فوٹو : فائل

سینیٹ کی قایمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے یقین دہانیوں کے باوجود عدم پیشی پر پی سی بی کو نوٹس جاری کرنے اور آئندہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں ان کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس سینیٹر یعقوب خان ناصر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سینیٹر عثمان کاکڑ، فیصل جاوید و عابدہ عظیم شریک ہوئے تاہم دوسری جانب وزارت بین الصوبائی رابطہ سے نہ تو وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا اور نہ ہی چیئرمین پی سی بی احسان مانی اجلاس میں شریک ہوئے۔

چیئرمین کمیٹی یعقوب خان ناصر کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت وفاقی وزیر اس کمیٹی کو سنجیدہ نہیں لیتے جب کہ احسان مانی اوپر سے سفارشیں کروا رہے ہیں، یہ تیسری بار ہے کہ احسان مانی یقین دہانی کروانے کے بعد قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ اجلاس میں عدم شرکت پر چیئرمین پی سی بی کو نوٹس جاری کیا جائے تاہم نمائندہ پی سی بی کا کہنا تھا کہ احسان مانی آئندہ اجلاس میں اپنی شرکت ہر صورت یقینی بنائیں گے جس کے بعد کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ احسان مانی نے آئندہ اجلاس میں شرکت نہ کی تو ان کے خلاف تحریک استحقاق لائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔