حکومت کا ناراض اتحادیوں کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت ایم این ایز کو خصوصی ترقیاتی فنڈز کی مد میں مجموعی طور پر 55 کروڑ روپے جاری کرے گی، ذرائع


وکیل راؤ January 22, 2020
وزیراعظم آئندہ ماہ کراچی میں 6 منصوبوں کا افتتاح کریں گے ۔ فوٹو : فائل

وفاقی حکومت نے ناراض اتحادیوں اور پی ٹی آئی کے روٹھے ہوئے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی حکومت نے ناراض اتحادیوں کو منانے کے لیے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے ذریعے خصوصی ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے، ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کو حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے 15 کروڑ روپے کے خصوصی ترقیاتی فنڈز دیئے جائیں گے۔

ارکان قومی اسمبلی کی تجویز کردہ اسکیمز پر کام پاک پی ڈبلیو ڈی کے ذریعے ہوگا اور ان خصوصی ترقیاتی فنڈز سے ان حلقوں میں گلیوں، چھوٹی سڑکوں کی تعمیر وتوسیع، سیوریج لائنوں کی مرمت اور فراہمی آب کے دیگر چھوٹے منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے کراچی میں پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے آر او پلانٹس لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے او ر اس حوالے سے پہلے مرحلے میں کراچی میں 100 مقامات پر آر او پلانٹس لگائے جائیں گے، کراچی میں آر او پلانٹس کی تنصیب کا منصوبہ آئندہ ماہ سے شروع ہونے کا امکان ہے اور اس ضمن میں وفاقی وزارت منصوبہ بندی وترقیات نے خاصی پیشرفت کی ہے اور اس شعبے میں کام کرنیوالے کئی ماہرین سے ابتدائی بات چیت بھی مکمل ہوگئی ہے، مجوزہ آر او پلانٹس منصوبے کے لیے کنٹینر ٹیکنالاجی استعمال کی جائے گی اور بڑی کنسٹرکشن کی ضرور ت نہیں ہوگی۔

رابطہ کرنے پر پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے بتایا کہ صرف رواں سال کے ہی نہیں بلکہ پچھلے سال کے بھی 15، 15 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز ارکان قومی اسمبلی کو دئیے جائیں گے جب کہ سندھ انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے گورنر سندھ عمران اسماعیل ارکان سندھ اسمبلی کو حلقوں میں ترقیاتی کام کے لیے فنڈز دیں گے۔

خرم شیرزمان نے دعویٰ کیا کہ جو کام کراچی میں پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں نہیں ہوئے وہ موجودہ حکومت کرنے جارہی ہے، 100 پلانٹس کا افتتاح ہوگا جب کہ وزیراعظم آئندہ ماہ کراچی میں 6 منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

اس حوالے سے وفاقی حکومت کے حکام نے بھی تصدیق کی کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں خصوصی فنڈز کا اجرا کرنے کے لیے وفاقی وزارت منصوبہ بندی اور وزارت خزانہ نے حکمت عملی بنالی ہے اور جلد عمل درآمد کا آغاز ہوگا، اطلاعات ہیں کہ ایم این ایز کو خصوصی ترقیاتی فنڈز کی مد میں مجموعی طور پر 55 کروڑ روپے وفاقی حکومت جاری کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں