پاکستان سپر لیگ 5 کا آفیشل گانا تیار

پی ایس ایل کے آفیشل گانے میں علی عظمت، عارف لوہار، ہارون رشید اور عاصم اظہر نے آواز کا جادو جگایا ہے


Mian Asghar Saleemi January 27, 2020
پی ایس ایل کے آفیشل گانے میں علی عظمت، عارف لوہار، ہارون رشید اور عاصم اظہر نے آواز کا جادو جگایا ہے ۔ فوٹو : فائل

پاکستان سپر لیگ 2020ء کا آفیشل گانا ''تیار ہیں'' 28 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ 5 کا آفیشل گانا پی ایس ایل کے یوٹیوب چینل پر بھی دیکھا جاسکے گا اور ایونٹ سے قبل جب کہ میچز کے دوران وینیوز پر بھی یہ آفیشل گانا چلایا جائے گا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 5 کے آفیشل گانے میں پاکستان کے معروف راک گلوکار علی عظمت، فوک گلوکار عارف لوہار اور ''آواز'' بینڈ سے شہرت پانے والے گلوکار ہارون رشید اور مشہور پاپ گلوکار عاصم اظہر نے آواز کا جادو جگایا ہے جب کہ ہدایت کاری معروف موسیقار ذوالفقار جبار خان (زلفی) اور کمال خان (لال کبوتر) نے کی ہے۔

موسیقی میں تُنبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم سمیت کل 22 سازوں کا استعمال کیا گیا ہے، گانے کی آفیشل ویڈیو میں قومی کرکٹ اسٹارز بابراعظم، سرفراز احمد، حسن علی، رومان رئیس، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی بھی جلوہ گر ہوئے۔

گلوکار علی عظمت نے کہا کہ وہ باصلاحیت فنکاروں کے ہمراہ اس آفیشل گانے کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں جب کہ فوک گلوکار عارف لوہارنے کہا کہ یہ یاد گار لمحات انہیں زندگی بھر مسرور رکھیں گے۔

گلوکار ہارون رشید کا کہنا ہے کہ یہ آفیشل گانا اور اس کی ویڈیوحقیقی معنوں میں پوری قوم کو یکجا کرکے بھرپور جوش و خروش کا احساس دلاتی ہے۔

پاپ گلوکار عاصم اظہر نے کہا کہ وہ بھی ہر پاکستانی کی طرح کرکٹ کے ایک مداح ہیں اور وہ پی ایس ایل 5 کے آفیشل گانے کی گلوکاری کرنے کو اپنے لیے ایک یادگار تجربہ سمجھتے ہیں جب کہ موسیقار ذوالفقار جبار خان نے کہا کہ یہ گانا پی ایس ایل کے مکمل ایڈیشن کے ملک میں انعقاد کی تیاری کی عکاسی کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں