آسٹریلین اوپن ٹینس اولڈ ازگولڈ جوکووک 8 ویں بار چیمپئن

نمبرون رینکنگ پوزیشن بھی یقینی، اعصاب شکن مقابلے میں ڈومینک تھیم کو مات


AFP February 03, 2020
میلبورن: سربیا کے ٹینس اسٹار نووک جوکووک آسٹریلین اوپن کی وننگ ٹرافی تھامے ہوئے ، فائنل میں ڈومینک تھیم کو مات ہوئی

AL WAKRAH: آسٹریلین اوپن میں نووک جوکووک نے ' اولڈ از گولڈ ' کا مقولہ درست ثابت کردکھایا، انھوں نے آسٹریا کے نوجوان حریف ڈومنیک تھیم کو اعصاب شکن مقابلے میں 6-4، 4-6، 2-6، 6-3 اور6-4 سے قابو کرلیا، یہ میلبورن پارک ایونٹ میں سربیئن اسٹار کی ریکارڈ آٹھویں ٹرافی شمار ہوئی۔

ابتدائی سیٹ جیت کر دو سیٹ کے خسارے میں جانے کے باوجود جوکووک نے ہمت نہیں ہاری اور اپنے تجربے کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے تھیم کو بے بس کردیا، اس کامیابی کے ساتھ ان کی سیزن میں لگاتار فتوحات کا سلسلہ 13 میچز تک دراز ہوگیا، یہ مجموعی طور پر ان کا 17واں گرینڈ سلم ٹائٹل بنا، وہ آل ٹائم فاتحین میں رافیل نڈال سے 2 ٹرافیز اور راجرفیڈرر سے 3 ٹائٹلز پیچھے ہیں، اس موقع پر جوکووک نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک بار پھر اپنے فیورٹ کورٹ، پسندیدہ اسٹیڈیم میں چیمپئن بن جانے پر انتہائی مسرور ہوں، کامیابی نے جوکووک کو کسی بھی ایک گرینڈ سلم کو 8 یا زائد بار جیتنے والا دنیا کا تیسرا کھلاڑی بنادیا۔

ان سے قبل نڈال 12 بار فرنچ اوپن اور فیڈرر 8 بار ومبلڈن ٹائٹلز اپنے نام کرچکے ہیں، پیر کو اے ٹی پی سنگلز کی نئی رینکنگ میں جوکووک اب نڈال کی جگہ نمبرون بن جائیں گے، فیڈرر بدستور تیسرے نمبر پر رہیں گے ،دوسری جانب مینز ڈبلز ٹرافی برطانیہ کے جوئے سالسبری اور امریکی راجیورام نے قبضے میں کرلی، انھوں نے فائنل میں آسٹریلوی جوڑی میکس پورسیل اور لیوک سویلی کو 6-4 اور6-2 سے مات دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں