عمران مافیا کے سامنے ڈٹ جائیں مسائل کا حل نئے الیکشن ہیں ایکسپریس فورم

بیورو کریسی وزیر اعظم کو ناکام کرنے کی کوشش کر رہی ہے، مہناز رفیع، حکومت 5 سال مکمل کرے گی، ڈاکٹر اعجاز بٹ


مصنوعی طریقے سے نظام چلانے کے نتائج خطرناک ہونگے، ڈاکٹر امجد مگسی، عمران کو بلیک میل نہیں ہونا چاہیے، ڈاکٹر زمرد اعوان فوٹو: فائل

حکومت کہیں نہیں جارہی، اتحادی جماعتیں تحریک انصاف کے ساتھ رہیں گی اور یہ حکومت 5سال مکمل کرے گی۔

غیر فطری اتحاد کی زندگی زیادہ نہیں ہوتی، موجودہ مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، اگر مصنوعی طریقے سے حکومت چلانے کی کوشش کی گئی تو نقصان ہوگا۔ ان خیالات کااظہار سیاسی تجزیہ نگاروں نے ''حکومتی اتحاد اور اس کا مستقبل'' کے موضوع پر منعقدہ ''ایکسپریس فورم'' میں کیا۔ فورم کی معاونت کے فرائض احسن کامرے نے سرانجام دیے۔

سینئر سیاستدان و تجزیہ نگار بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ مقامی حکومتوں کا نظام لانے سے عوامی مسائل حل ہوجائیں گے مگر تحریک انصاف کو خوف ہے کہ اب اسے نچلی سطح پر ووٹ نہیں ملیں گے، اب کرکٹ کے میدان والے عمران خان نظر نہیں آرہے جو ہر چیلنج سے ٹکرانے کی ہمت رکھتے ہیں، وہ آج بھی ڈٹ جائیں تو ملک کو مسائل سے چھٹکارا دلوا سکتے ہیں۔

عمران خان کو جماعت کے اندر سے بھی اپوزیشن کا سامنا ہے، بیوروکریسی عمران خان کو ناکام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ نئے الیکشن کی کوئی گنجائش نہیں ہے، عمران خان کو گڈ گورننس پر زور دینا ہوگا۔ ایک ایک کرکے تمام لوگ باہر جارہے ہیں اور حکومت ایک بھی پیسہ نہیں نکلوا سکی، عمران خان کو مافیا کے سامنے ڈٹ جانا چاہیے۔

سیاسی تجزیہ نگار ڈاکٹر اعجاز بٹ نے کہا کہ حکومت کہیں نہیں جارہی، اتحادی جماعتیں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ رہیں گی اور یہ حکومت پانچ سال مکمل کریگی۔ نئے انتخابات مسائل کا حل نہیں،سیاسی تجزیہ نگار ڈاکٹر امجد مگسی نے کہا کہ سیاسی نظام کے مضبوط نہ ہونے کی وجہ غیر فطری اتحاد ہے، مصنوعی طریقے سے سیاسی نظام چلانے کے نتائج خطرناک ہونگے۔ موجودہ بحران کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، جو صاف و شفاف ہوں۔

ان حالات میں اگر ''ان ہاؤس'' تبدیلی کی جاتی ہے تو وہ بھی زیادہ دیر نہیں چلے گی،سیاسی تجزیہ نگار ڈاکٹر زمرد اعوان نے کہاکوالالمپور سمٹ میں نہ جانا اور پھر وزیراعظم کی جانب سے اسے بڑی غلطی قرار دینا مناسب نہیں، اتحادی جماعتیں حکومت کو بلیک میل کر رہی ہیں، سمجھ نہیں آرہا کہ حکومت نے ان سے کیا وعدے کیے جو پورے نہیں ہورہے ؟ ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں