پناہ گاہیں ملک بھر میں پھیلائیں گے وزیراعظم عمران خان

جہانگیر ترین سے سیاسی صورتحال،آٹا بحران پرمشاورت،ڈی جی آئی ایس آئی سے سیکیورٹی پربات چیت،عاصم سلیم باجوہ بھی ملے


News Agencies/Numainda Express February 08, 2020
انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ نوجوانوں اور فری لانسرز کو مراعات دینے کا تفصیلی روڈ میپ ایک ہفتے میں ترتیب دینے کی ہدایت۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان نے بے سہارا، غریب اور نادار لوگوں کو ریاست کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پناہ گاہیں ملک بھر میں پھیلائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے حال ہی میں مقرر کئے گئے وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہیں نسیم الرحمن نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بے سہارا، غریب اور نادار لوگوں کو ریاست کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں پناہ گاہیں قائم کرنے کیلئے جامع پروگرام ترتیب دیا جائے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، آئی ٹی سیکٹر کے فروغ سے لاکھوں نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع میسرآئیں گے، برآمدات بڑھیں گی،وزیراعظم نے آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لیے تفصیلی روڈ میپ ایک ہفتے میں ترتیب دینے کی ہدایت کردی ہے جبکہ وزیراعظم سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور پی ٹی آئی کے راہنما جہانگیر ترین نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

عمران خان کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب صدیقی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ خصوصاً آئی ٹی سیکٹر میں مہارت رکھنے والے نوجوانوں کی سہولت کاری اور فری لانسرز کو مراعات دینے، ملک میں آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات بڑھانے، آئی ٹی سیکٹر سے ٹیکس مراعات، نوجوانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی، فری لانسرز کے لئے بیرون ملک سے ترسیلات زر میں سہولت کاری، ویزہ و دیگر معاملات میں سہولت کاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے حوالے سے اہم معاملات مثلاًاسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام ، فائیو جی سپیکٹرم کے اجرا، ملک کے بڑے شہروں میں فائبرائزیشن کے ذریعے ٹاورزکو ملانے و دیگر اہم معاملات کے حوالے سے اہم اہداف پر مبنی مفصل روڈ میپ آئندہ ایک ہفتے میں ترتیب دیا جائے۔

عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اورڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ جہانگیرترین سے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت اور پارٹی امور پربھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں گندم اور آٹے کے بحران کے محرکات پر بھی گفتگو کی گئی۔ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید سے سکیورٹی امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان سے سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے بھی ملاقات کی اور وزیراعظم کو سی پیک کے جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں