جنوبی افریقا کی ٹی 20 سیریز کھیلنے کیلیے پاکستان آنے سے معذرت

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پروٹیز کو آئندہ ماہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کی دعوت دی تھی


Mian Asghar Saleemi February 14, 2020
جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، وسیم خان۔ فوٹو : فائل

جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم نے آئندہ ماہ ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آنے سے معذرت کرلی ہے۔

کرکٹ ساؤتھ افریقا نے کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کا جائزہ لینے کے بعد جمعہ کی دوپہر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ نہیں کرسکیں گے تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ٹیم جلد از جلد پاکستان بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم آئندہ ماہ جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے خواہاں تھے مگر ہم اس ضمن میں کرکٹ ساؤتھ افریقا کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کو پیش نظر رکھنا کسی بھی کرکٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہوتی ہے اور اس حوالے سے یہ فیصلہ قابل فہم ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پی سی بی کی جنوبی افریقا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے دورہ پاکستان کی دعوت

وسیم خان نے کہا کہ خوشی ہے کہ کرکٹ ساؤتھ افریقا محدود فارمیٹ کی اس سیریز کا اہتمام جلد از جلد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دونوں بورڈز سیریز کی نئی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ایف ٹی پی میں خالی ونڈو تلاش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پروٹیز کو آئندہ ماہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کی دعوت دی تھی جس پر جنوبی افریقی بورڈ نے مثبت جواب دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں