ایس ایس پی مفخر عدیل کہاں ہیں گتھی سلجھ نہ سکی

دوست اسد بھٹی نے گرفتاری دیدی، اسکے بیان پر فیصل ٹاؤن گھر کی دوبارہ چھان بین


سید مشرف شاہ February 16, 2020
پولیس کی طرف سے محکمہ داخلہ کو مفخر عدیل کو بلیک لسٹ کرنے کی سفارش۔ فوٹو: فائل

ایس ایس پی مفخر عدیل کہاں ہیں، گتھی سلجھ نہ سکی،پولیس سمیت دیگر ٹیمیں ابھی تک کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکیں۔

ایس ایس پی مفخر عدیل اور شہباز تتلہ کیس میں دونوں کے قریبی دوست اسد بھٹی گزشتہ روز ایک پولیس افسر کے ذریعے سی آئی اے ماڈل ٹاؤن پولیس کے پاس پیش ہوا، وہ کئی روز سے روپوش تھا،تفتیشی اور فرانزک ٹیم نے اسد بھٹی کے بیان کی بنا پر ایک بار پھر فیصل ٹاون میں واقع گھر کا دورہ کیا،پورے گھر کی دوبارہ چھان بین کی گئی ،فرانزک ٹیموں کو بھی دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

پولیس نے ایس ایس پی کے ایک ملازم سمیت متعدد افراد کو زیر حراست رکھ کر تفتیش کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے،کئی فارم ہاوسز اور پارٹیاں کرنے والوں کو پولیس کی ٹیمیں تفتیش کے لیے بلا رہی ہیں،شہر میں ایس ایس پی مفخر عدیل کے ساتھ گھومنے والے مبینہ طور پر غائب ہونا شروع ہوگئے،تاحال نصیر آباد سے اغوا ہونے والا شہباز تتلہ کا بھی کچھ پتہ نہ چل سکا۔

تفتیشی ٹیم نے 100سے زائد افراد کے بیانات قلمبند کر لیے۔250 سے زائد نمبروں کی سی ڈی آرز کی چھان بین کی گئی ہے،پولیس کی ایک ٹیم گوجرانوالہ میں بھی موجود ہے جوکہ مفخر عدیل کے دوستوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے،جن اہلکاروں نے فیصل ٹاون والے گھر کو دھویا تھا ان سے بھی تفتیش جاری ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایس پی مفخر عدیل کی سابقہ تعیناتیوں کے متعلق بھی ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے ۔ادھر اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق پولیس نے ایس ایس پی مفخر عدیل کو بلیک لسٹ کرنے کیلیے محکمہ داخلہ کو سفارش کر دی۔

ذرائع کے مطابق سفارش کی گئی ہے کہ مفخر عدیل کو بلیک لسٹ کرکے نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ۔علاوہ ازیں کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری کی جانب سے آئی جی پنجاب کو خط لکھا گیا ہے کہ مفخرعدیل کو او ایس ڈی بنا دیا جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں