بدین ماہیگیروں کے عالمی دن پر فشر فوک فورم کی ریلی

ثقافتی گیتوں پر رقص، بھارتی جیل میں قید ماہی گیروں کے اہلخانہ بھی شریک، رہائی کا مطالبہ


زہریلے پانی کے اخراج سے مچھلی و جھینگے کی نسل ختم ہورہی ہے، حکومت اقدامات کرے،مقررین فوٹو: فائل

ماہی گیروں کے عالمی دن کے موقع پر بدین میں ریلی نکالی گئی جس میں شریک بچوں اور خواتین نے بھارتی جیلوں میں قید اپنے پیاروں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

پاکستان فشر فوک فورم ضلع بدین کی جانب سے ڈی سی او چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں خواتین اور بچے بھارتی جیلوں میں قید اپنے پیاروں کی تصاویر اٹھائے ہوئے تھے۔ شرکاء، ماہی گیروں کی بھارتی قید سے رہائی، ماہی گیری کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے نعرے لگاتے رہے جب کہ ریلی کے بعض شرکاء نے ثقافتی گیتوں پر رقص بھی کیا۔ اس موقع پر فشر فوک فورم بدین کے رہنماؤں محمدمٹھن ملاح، عمر ملاح، عابدہ جمالی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بدین کی ایک جانب میٹھے پانی کی قلت ہے تو دوسری جانب ضلع کی5 شوگر ملوں کا زہریلا پانی سیم نالوں کے ذریعے سمندر میں خارج کیا جا رہا ہے ۔



جس کے باعث جھینگے اور مچھلی کی پیداوار مین کمی اور ماہی گیروں کا گزر بسر انتہائی مشکل ہو گیا ہے، فاقوں نے ان کے گھروں میں ڈیرے ڈال لیے ہیں، اکثر ماہی گیر خاندان نقل مکانی کر گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ماہی گیروں کا مستقبل مچھلی اور جھینگے کی پیداوار سے وابستہ ہے، حکومت ماہی گیروں کو تحفظ فراہم کرے اور سمندر میں زہریلا کیمیکل ملا پانی خارج کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف کارروائی کرے۔ اس موقع پر ریلی میں شریک ایک ماہی گیر رانو چانگ نے اپنے بھائی غلام نبی چانگ کی بھارتی جیل سے رہائی کے لیے حکومت پاکستان سے اقدام کرنے کا مطالبہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں