عاشقی ٹو سے شہرت پانیوالی شردھا کپور نے سوناکشی کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

شردھا کپورسنگم کےسیکوئل ’’سنگم ٹو‘‘ میں اجے دیوگن اور سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’گبر‘‘ میں اکشے کمار کی ہیروئن بنیں گی


Cultural Reporter November 25, 2013
پہلی فلم کی ناکامی پر مایوس ہو گئی تھی، والد نے حوصلہ دیا، انٹرویو۔فوٹو:فائل

''عاشقی ٹو'' فیم شردھا کپور نے سوناکشی سنہا کی اجے دیوگن اور اکشے کمار کی فلموں سے چھٹی کرا کے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

تفصیلات کے مطابق بالی وڈ فلموں کے معروف ولن شکتی کپور کی صاحبزادی شردھا کپور جنھوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 2010 ء میں لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور ہالی ووڈ اسٹار ben kingsley کے ساتھ فلم ''تین پتی'' سے کیا تھا، مگر یہ فلم باکس آفس پر اپنا رنگ نہ جما سکی۔اس فلم کی ناکامی سے شردھا کپور کا فلمی کیرئیر شروع ہونے سے قبل ہی ختم ہوتا دکھائی دے رہا تھا، کیونکہ اسے کوئی بھی بڑا بنیر اپنی فلم کے لیے زیر غور نہیں لا رہا تھا۔ اگلے سال 2011 ء کو اس نے چھوٹے بجٹ کی فلم '' لو کا دی اینڈ'' سائن کی جس میں اس سمیت ساری نئی کاسٹ تھی، اس کا بھی فلم بینوں نے کوئی خاص نوٹس نہ لیا، مگر مہیش بھٹ نے اس کے اندر چھپے ٹیلنٹ کو بھانپتے ہوئے سال رواں کی سپرہٹ فلم ''عاشقی ٹو'' میں ادیتہ رائے کپور کے مقابل ہیروئن سائن کر لیا۔ اس فلم نے شردھا کپور اور ادیتہ رائے کپور کو راتوں رات سپراسٹار کی صف میں لاکھڑا کیا۔

ادیتہ رائے کپور بھی ''گزارش'' ، ''ایکشن ری پلے'' جیسی فلموں میں اکشے کمار اور ریتک روشن کے ساتھ کام کرنے کے باوجود بالی ووڈ انڈسٹری میں شناخت بنانے کے لیے کوششیں کر رہا تھا۔ شردھا کپور کی اس فلم کی کامیابی کو دیکھتے ہی اسے بڑے بنیرز کی فلمیں آفرز ہونے لگیں جن میں اجے دیوگن کی فلم ''سنگم '' کا سیکوئل ''سنگم ٹو'' اور سنجے لیلا بھنسالی کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ''گبر'' میں اکشے کمار کے مقابل ہیروئن کاسٹ ہو گئی، جن میں اس سے قبل سوناکشی سنہا کے نام پر غور کیا جا رہا تھا، اب اجے دیوگن اور اکشے کمار جیسے سپراسٹار کی ہیروئن کا قرعہ فال شردھا کپور کے نام نکل آیا ہے وہ اپنی اس کامیابی پر بے حد خوش دکھائی دے رہی ہیں ۔شردھا کپور نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس کامیابی کے لیے بڑے صبر آزما اور کٹھن مراحل کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ پہلی فلم کی ناکامی کے بعد اپنے مستقبل سے مایوس ہو چکی تھی مگر میرے والد شکتی کپور نے ہمت اور حوصلہ دیا ۔



وہ کہتے تھے کہ ناکامیاں ہی کامیابی کی سیڑھی ہوتی ہیں ان سے دلبرداشتہ ہونے کی بجائے زیادہ محنت کرو، بہت جلد تمہیں تمہاری منزل مل جائے گی، جب مہیش بھٹ پروڈکشن سے مجھے ''عاشقی ٹو'' کی آفر آئی تو اس وقت میرے ذہن میں بھی نہیں تھا کہ یہی فلم مجھے کامیاب اداکارہ بنا دیگی۔ یہ تو مجھے معلوم تھا کہ انکل مہیش بھٹ ہمیشہ نئے ٹیلنٹ کے ساتھ کچھ الگ ہی کرتے ہیں جو فلم بینوں کو اپنے سحر میں گرفتار کر لیتا ہے۔ ''عاشقی ٹو'' روٹین سے ہٹ کر لو اسٹوری میوزیکل فلم تھی جس میں میری اور ادیتہ رائے کپور کی پرفارمنس کو پسند کیا گیا اس پر میں انکل مہیش بھٹ اور ''عاشقی ٹو'' کی پوری ٹیم کی شکرگزار ہوں جنھوں نے میرے سپنے کو حقیقت کا روپ دیا ہے۔ شردھا کپور نے کہا کہ ایک اچھی فلم کے لیے سپراسٹار نہیں بلکہ سپراسٹار کو اچھے اسکرپٹ اور ڈائریکٹر کی ضرورت ہوتی ہے ۔

ادیتہ رائے کپور کے ساتھ افیئر کے بارے میں کیے جانے والے سوال پر انھوں نے کہا کہ ہم دونوں کی فلم میں کیمسٹری بہت اچھی رہی جو دوستی میں بدل گئی ہے جسے اب کوئی اور رنگ دیا جا رہا ہے۔ اکشے کمار اور اجے دیوگن جیسے سینئرز کی ہیروئن بننا میرے لیے بہت بڑی کامیابی ہے ان اسٹارز کے مقابل کام کرنا ہر اداکارہ کی خواہش ہوتی ہے جو کیرئیر کے آغاز میں ہی پوری ہونے جا رہی ہے، شردھا کپور نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ''گوری تیرے پیار میں'' مہمان اداکارہ کے طور پر انٹری دی ہے جس میں کرینہ کپور اور عمران خان نے مرکزی کردار نبھائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرن جوہر کی نئی فلم میں سائن ہو گئی ہوں جس کی عکسبندی نئے سال میں شروع ہو گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں