ٹڈی دل سے بچاؤ کے اقدامات چینی حکومت کا وفد مٹھی پہنچ گیا

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر نے تفصیلات سے آگاہ کیا


Nama Nigar February 27, 2020
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ فوٹو : فائل

سندھ میں فصلوں کو ٹڈی دل کے حملوں سے بچانے کے لیے پیشگی انتظامات کے سلسلے میں چین کے وفد نے وانگ فیگل کی سربراہی میں مٹھی کا دورہ کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر مختار احمد ابڑو نے چینی وفد کو 2019 میں فصلوں کو ٹڈی دل کے حملوں سے بچاؤ کے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ تھرپارکر ضلع کی 1لاکھ 9369ایکڑ زمین پر اسپرے کیا گیا۔ ضلع افسران نے بتایا کہ بحیرہ عرب اور پڑوسی ممالک سے ہوتے ہوئے ٹڈی دل نے سندھ کے مختلف اضلاع میں فصلوں کو نقصان پہنچایا۔

پاک فوج کے بریگیڈیئر محمد تقی راجہ نے بتایا کہ 2019میں وفاقی و حکومت سندھ نے ٹڈی دل سے نمٹنے کے ہر ممکن اقدامات کیے۔ 2020میں سندھ کے 5.2ملین ایکڑ رقبے پر ٹڈی دل سے بچاؤ کے لیے اسپرے کیا جائے گا۔جس کے لیے 0.5ملین لیٹر اسپرے ادویہ اور 2 مشینوں کے ساتھ ساتھ 35گاڑیاں درکار ہوںگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زرعی توسیع اور پلانٹ پروٹیکشن کی مدد سے کاشت کاروں کی فصلوں کو ٹڈی دل کے حملوں سے بچاؤکی تربیت بھیدی گئی ہے۔

وانگ فیگل نے کہا کہ چین کی حکومت اس سلسلے میں پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ وہ اسی مقصد کے لیے تھر آئے ہیں۔ اجلاس میں چین میں زرعی شعبے کے ماہرین کے علاوہ پلانٹ پروٹیکشن کے افسر محمد حسین درس، چیتن مل ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکس ٹینشن میرپورخاص، میجر نعمان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں