سندھ یونیورسٹی غیر نصابی سرگرمیوں کیلیے ڈائریکٹوریٹ قائم کیا جائیگا

وائس چانسلر کی زیر صدارت اجلاس میں سیکیورٹی اور پارکنگ کے متعلق بھی مختلف فیصلے


Express News Desk November 27, 2013
ڈائریکٹوریٹ کے لیے ڈین اسٹوڈنٹس افیئرز پر مشتمل 4 افراد کی مشاورتی کمیٹی کی منظوری دی گئی۔ فوٹو : فائل

سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نذیر اے مغل کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں طلباء میں غیرنصابی سرگرمیوں کے فروغ، میوزیکل، ادبی و ثقافتی پروگرامز کے انعقاد اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک علحیدہ ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ سندھ یونیورسٹی کیمپس پر سیکیورٹی انتظامات کو سخت کرنے اور گاڑیوں کی پارکنگ کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کے سلسلے میں مختلف فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، بوائز اور گرلز ہاسلٹز کے پرووسٹز، ڈین اسٹوڈنٹس افیئرز، پولیس، رینجرز اور یونیورسٹی سیکیورٹی کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ یونیورسٹی میں طلباء کو مختلف غیر نصابی سرگرمیوں کی ہمت افزائی اور ان کو سہولتیں مہیا کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف ایکسٹرا کریکیولر ایکٹویٹیز قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔



جبکہ ڈائریکٹوریٹ کے لیے ڈین اسٹوڈنٹس افیئرز پر مشتمل 4 افراد کی مشاورتی کمیٹی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں طلباء کے پکنک اور اسٹڈی ٹورز کے سلسلے میں غور کیا گیا اور اس سلسلے میں ایک پروفارما بنانے کی منظوری دی گئی۔ پروفارما اسٹڈی ٹورز یا پکنک کے لیے طلباء کی طرف سے بھرا جائے گا، متعلقہ شعبے کے سربراہ ٹور پر طلباء کے ہمراہ جانے والے استاد دستخط کریں گے۔ پکنک یا اسٹڈی ٹور کے لیے پروفارما کم از کم 2 ہفتے قبل جمع کروایا جائے گا، تاکہ اس کے انتظامات مکمل کیے جا سکیں۔

اجلاس میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف رپورٹس کی روشنی میں ہاسٹل گیٹ اور یونیورسٹی کے تمام مین گیٹس پر سخت حفاظتی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں علامہ آئی آئی قاضی چوک اور ایڈمنسٹریشن بلاک کے آگے گاڑیوں کی پارکنگ کو مزید بہتر بنانے کے لیے انتظامات کیے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میںیہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سیمسٹر امتحانات کے بعد تمام بوائز ہاسٹلز کی مرمت اور ان کا رنگ و روغن کرایا جائے گا جبکہ جنوری میں نئے سرے سے ہاسٹل کی الاٹمنٹ کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ سال سے ہاسٹل میں وارڈن انتظامی شعبوں میں سے رکھے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں